عمران خان نے اقتدار کیلئے نفرت اور انتقام کی سیاست کو فروغ دیا، فیاض الحسن چوہان کا تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان

223

اسلام آباد۔23مئی (اے پی پی):سابق صوبائی وزیراور پی ٹی آئی کے سینئر رہنماء فیاض الحسن چوہان نے پاکستان تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاست نہیں صرف پی ٹی آئی چھوڑ رہا ہوں، شہر،صوبے اور پاکستان کی خدمت جاری رکھوں گا۔

منگل کو یہاں نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ عمران خان نے اقتدار کے حصول کیلئے نفرت اور انتقام کی سیاست کو فروغ دیاحالانکہ انہیں کئی بار سمجھانے کی کوشش کی کہ ریاست اور اداروں سے ٹکراؤ کی پالیسی ٹھیک نہیں،ریاست سے ٹکراؤ کی پالیسی چھوڑ دیں مگر فواد چوہدری، ڈاکٹر شیریں مزاری، عالیہ حمزہ،صنم جاوید ،مرادسعید، علی امین گنڈاپور انہیں ٹکراؤ کی پالیسی اپنانے پر زور دیتے تھے اور وہ ا ن کی بات سنتے تھے،عمران خان نے پی ٹی آئی کو خاکسار تحریک بنا دیا ہے، یکم مئی کی ریلی پریکٹس کے طور پر رکھی گئی کہ فوجی دفاتر کی طرف رخ کریں، 6  مئی کو عمران خان کے حکم پر کچہری چوک پر ریلی رکھی گئی، واثق قیوم، عمر تنویر کے علاوہ دیگر راہنماؤں کو رضا مند کیا کہ مریڑ پل کراس نہیں کرنا، واثق قیوم کو ڈائریکٹ میسج آیا کہ جی پی او چوک پہنچیں۔

عمران خان ریلی کو کچہری چوک نہ لے جانے پر انتہائی ناراض ہوئے، مین نے عمران خان کیلئے چوہدری سرور ، علیم خان اور  عون چوہدری سے اپنا تعلق خراب کیا ۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو جو کچھ ہوا وہ انتہائی  افسوسناک ہے ، ان واقعات سے پاکستان کے 24 کروڑ عوام دکھی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ریاست اور اداروں سے ٹکرانا سیاستدانوں کا کام نہیں ہوتا، میرے علاوہ عمران خان کو کسی نے نہیں بتایا کہ سیاست میں تشدد نہیں ہوتا۔اسی وجہ سے پارٹی میں کھڈےلائن تھا اورمیرا زمان پارک اور بنی گالامیں داخلہ بند تھا۔

سارے لیڈر گواہی دیں گے کہ میں نے عمران خان کو سمجھایا تھا۔زوم میٹنگ میں جب بولنے کی کوشش کی تو شٹ اپ کال دی جاتی تھی۔ ساری زوم میٹنگز میں ترجمانوں کو بتایا جاتا تھا کہ فوج مخالف بیانیہ تیار کیا جائے۔  میری قربانیوں کے بعد بھی مجھے اسٹیبلشمنٹ کا بندہ سمجھاجاتاتھا۔  انھوں نے کہا کہ 14 مئی کو ہونے والی  زوم میٹنگ میں بیرونی ایجنڈے کو پروان چڑھانے کی کوشش کی گئی۔  70 امریکی کانگریس ارکان کا پی ٹی آئی کیلئے لابنگ کرنے کا معلوم ہوا تو دھچکا لگا۔ لوگوں کی ذہن سازی کی گئی ہے اس وقت ہزاروں خاندان تباہ ہو رہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ فوج اور پاکستان سے محبت آج  سے نہیں ہمیشہ سے تھی، ہے اور ہمیشہ رہے گی۔ میرا سوفٹ ویئر نہیں ہارڈ ویئر ہے اور یہ پاکستان اور فوج پلس ہے۔ میں اس فساد میں مزید شامل نہیں ہو سکتا۔ اسد عمر اور چودھری پرویزالہٰی سے ملاقات کروں گا،کوشش کریں گے بات چیت کے بعد کسی نئے پلیٹ فارم سے سامنے آئیں۔