عمران خان نے ملک کا بھٹہ بٹھایا مگر آج اس کا اپنا مکو ٹھپا گیا،مسلم لیگ الیکشن میں کامیاب ہوکرمرکز اور پنجاب میں حکومت بنائے گی، وزیر داخلہ

82
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ
عمران خان نے ملک کا بھٹہ بٹھایا مگر آج اس کا اپنا مکو ٹھپا گیا،مسلم لیگ الیکشن میں کامیاب ہوکرمرکز اور پنجاب میں حکومت بنائے گی، وزیر داخلہ

فیصل آباد ۔ 05 اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ وصوبائی صدر پاکستان مسلم لیگ(ن) پنجاب راناثنااللہ خان نے کہا کہ عمران خان نے ملک کا بھٹہ بٹھایا مگر آج اس کا اپنا مکو ٹھپا گیا،یہ کہتا تھا کہ میں مخالفین کو جیلوں میں ڈالوں گا، میں ان سے ہاتھ ملانا تو درکنار ان کی شکلیں نہیں دیکھنا چاہتا، جس نے مجھ سمیت ہمارے قائدین کے خلاف جھوٹے مقدمے بنائے اور ایک قبیح گٹھ جوڑ کے تحت اقتدار پر براجمان ہوا آج اس کے غبارے سے ہوا نکل گئی ہے لیکن یہ تو ابتدائے عشق ہے اب آگے آگے دیکھیں کیا ہوتا ہے،

جس نے جو کیا اسے بھگتنا ہی پڑے گا، اس کے خلاف فیصلہ ہم نے نہیں عدالت نے دیا ہے اسلئے اگر انہیں کوئی اعتراض ہے تو وہ بڑی عدالتوں میں جاکر خود کو بیگناہ ثابت کرسکتا ہے،مسلم لیگ(ن) نے پہلے بھی عوام کی بے لوث خدمت کی اور آئندہ الیکشن میں قوم کے ووٹوں کی طاقت سے الیکشن میں دوبارہ کامیاب ہوکر ملکی و عوامی ترقی کا سفرپھر سے شروع کرے گی اور یہ سفر عوام کی خوشحالی تک جاری رہے گا۔

وہ ہفتہ کی رات اپنے حلقہ نیابت کے علاقہ دھنولہ میں نادرا آفس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ ترقی کاجو سفر 2018سے رکا ہوا ہے اسے دوبارہ شروع کریں گے۔رانا ثنااللہ نے کہا کہ2018 میں ایک ایسے شخص کوملک پر مسلط کیا گیا جس نے کہا میں کسی کو نہیں چھوڑوں گااور اس ثبوت اس نے سیاسی مخالفین پر جھوٹے مقدمات بناکر دیا لیکن اس کے برعکس عوامی خوشحالی و فلاح اور ملکی و قومی تعمیر و ترقی کا کوئی منصوبہ شروع نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں جو بڑے منصوبے نظر آ رہے مسلم لیگ اور میاں نواز شریف نے شروع کئے،فیصل آباد میں چلڈرن ہسپتال کے نام سے ایشیا کا دوسرا بڑا ہسپتال بنایا، ایف آئی سی بھی ہمارے دور میں بنامگر تم بتاؤ تم نے کیا کیا۔انہوں نے کہا کہ تمھیں یہ کس نے کہا تھا کہ تم نو مئی کو یہ کام کرو،جن لوگوں نے دفاعی اداروں کی بے حرمتی کی انہیں اب فیس کرنا ہوگا،انہوں نے سوشل میڈیا پر گندہ پروپیگنڈا کیا،ان کے تانے بانے باہر ممالک سے جا کر ملتے ہیں۔

رانا ثنااللہ نے کہا کہ آپ کے ووٹ سے دوبارہ مسلم لیگ(ن) ملک کا انتظام سنبھالے گی اور31 مئی 2018کوجو ترقی کا سفر رکااسے وہیں سے شروع کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں ڈالر 110 اور پٹرول 65 روپے کا تھا، سوئی گیس پائپ اور موٹر ویز بن رہی تھیں لیکن ا س نے سب کام روک دیئے۔

رانا ثنااللہ خان نے کہا کہ یہ کہتاتھا میں پچیس مئی کو آؤں گا اور یہ کروں گاوہ کروں گا،پھر میں نے اسے کہا تم آؤ تو سہی تمہیں بھاگنے کا راستہ نہیں ملے گا۔انہوں نے کہا کہ2014 سے 2023 تک لانگ مارچ اور احتجاج کے علاؤہ اس نے کچھ نہیں کیا،اس طرح سے ملک اور معیشت نہیں چلتی، اس نے نفرت کی سیاست کو فروغ دیا،اس نے پوری قوم کی رگوں میں نفرت کو بویا،اس نے ملک کا بھٹہ بٹھا دیا،اس نے آئی ایم ایف سے جو معاہدہ کیا اسے ہمیں پورا کرنا پڑ رہا ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ پچھلے چھ ماہ آئی ایم ایف نے ہماری ناک سے لکیریں نکلوائیں،دوست ممالک نے بھی کہا کہ آئی ایم ایف سے معاہدہ کریں،اگر آئی ایم ایف سے معاہدہ نہ کرتے تو ملک ڈیفالٹ ہو جاتا، بہت مجبور ہوکر آئی ایم ایف کی شرائط جن میں پٹرول،بجلی کی قیمتیں بڑھاناشامل ہیں پوری کرناپڑیں،یہی وجہ ہے کہ آئی آیم کی شرائط پوری کرنے کے باعث مہنگائی میں اضافہ ہو۔وزیر داخلہ نے کہا کہ انہوں نے شہدااور ان کی یادگاروں کی بے حرمتی کی،آج جو ہوا ہے وہ مکافات عمل ہے،آج تکبر اور فرعونیت خاک میں ملی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے متعلقہ جیل حکام سے کہا ہے کہ اسے جیل میں ہر سہولت دی جائے سوائے ممنوع چیزوں کے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے دور میں امریکی صدر کی کالز کے باوجودہم نے ایٹمی دھماکے کئے، مسلم لیگ(ن) نے چار سال میں دہشت گردی اور لوڈ شیڈنگ کو ختم کیا،اگر پاکستان ایٹمی قوت نہ ہوتا تو ہندوستان ہمیں کھا چکا ہوتا،پوری دنیا نے ایٹمی دھماکوں پر ہمارا بائیکاٹ کیا،اس وقت ہم ہندوستان کو بجلی لاہور کے راستے بیچنا چاہتے تھے مگر پاکستان کی ترقی کو روکنے کیلئے اس بدبخت کو لایا گیا،ان کو وہ وقت بھول گیا جب کہتے تھے آزاد الیکشن لڑو یا پی ٹی آئی کا ٹکٹ لو۔رانا ثنااللہ نے کہا کہ ہم اس ایک سال کے مختصر عرصہ میں آپ کی صحیح خدمت نہیں کر سکے لیکن نادرا آفس میرے ماتحت تھااسلئے جہاں جہاں ضروری تھا وہیں افتتاح کیا ہے، نادرا کی سہولت آپ کے دروازے پر دی ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ ہم آپ کی حمایت سے مرکز اور پنجاب میں اپنی حکومت بنائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ2018والا پرجیکٹ لانے والے بھی اب پچھتا رہے ہیں،آج وہ اپنا کیا صاف کر رہے ہیں۔رانا ثنااللہ خان نے کہا کہ ہم نے اضافی آبادی میں سوئی گیس پائپ لائنز کا جال بچھایا ہے جس سے لاکھوں گھرانے مستفید ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ حلقہ کو تعمیر و ترقی کے کاموں کے حوالے سے مثالی بنادیا جائے گا۔اس موقع پر سابق ممبر صوبائی اسمبلی میاں اجمل آصف، مسلم لیگ(ن) کے عہدیدارن اور کارکنان سمیت اہلیان علاقہ بڑی تعداد میں موجود تھے۔