عمران خان پہلاآر ٹی ایس ساختہ شخص ہےجس نےملک کےساتھ دشمنی کی،عمران خان نےہمارےخلاف جھوٹےمقدمےبنائے،نوازشریف سمیت پوری قیادت ڈٹ کرکھڑی رہی اورسرخرو ہوئی،مریم اورنگزیب

169
مریم اورنگزیب

اسلام آباد۔23مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان پہلا آر ٹی ایس ساختہ شخص ہے جس نے ملک کے ساتھ دشمنی کی، ہم نے بہادری سے عمران خان کے جبر کا سامنا کیا اور ملک، جمہوریت اور سیاست کی حفاظت کی اور کرتے رہیں گے، عمران خان نے ہمارے خلاف جھوٹے مقدمے بنائے، مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف سمیت ہم ڈٹ کر کھڑے رہے اور سرخرو ہوئے کیونکہ عوام اور قیادت کو پتہ تھا کہ ایک دھیلے کی کرپشن نہیں کی، امانت سمجھ کر عوام کی خدمت کی اور بہادری سے ڈٹے رہے۔

منگل کو اپنے ٹویٹ میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ناحق سزا پانے والوں اور چوروں میں موازنے کا آئینہ پیش ہے۔ اپنے ٹویٹ میں انہوں نے مسلم لیگ ن اور دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں کی تصاویر شئیر کرتے ہوئے کہا کہ یہ تصاویر جرات، بہادری اور وفاداری کی ناقابل فراموش مثالیں ہیں اور عمران خان کی فسطائیت، بدترین سیاسی انتقام اور ظلم و جبر کے منہ بولتے حقائق ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی قیادت نے چار نسلوں کا حساب دیا اور سرخرو ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اور اس کی کابینہ گرفتاری پر روتی، بھاگتی، گیدڑوں کی طرح چھپتی پھرتی ہے، تمہیں چھوڑتی جا رہی ہے کیونکہ انہیں معلوم ہے کہ تم توشہ خانہ کے چور، جھوٹے، فارن ایجنٹ، القادر ٹرسٹ کے 60 ارب کے ڈاکو ہو۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان اور اس کے جتھوں نے وطن پر لشکر کشی کی اور کروائی، ہم سے اپنا موازنہ نہ کریں۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ چیئرمین نیب کو بلیک میل اور طیبہ گل کو اغواء کر کے عمران خان نے ہمارے خلاف 15 کلو ہیروئن سمیت بغیر تحقیقات کے جھوٹے مقدمات بنائے اور جیلوں میں ڈالا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان اور ان کے مسلح جتھوں پر قومی و حساس عمارتوں پر حملے، شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی، ریڈیو پاکستان، مساجد، سکول، ہسپتال اور ایمبولینسز جلانے کے جرم پر مقدمے بنے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہماری بہو بیٹیاں بہنیں عمران خان کے کم ظرف وحشیانہ انتقام کا نشانہ بنیں، عمران خان نے مریم نواز کو نواز شریف کی کمزوری سمجھ کر باپ کے سامنے گرفتار کیا اور سزائے موت کی چکی میں ڈالا. انہوں نے کہا کہ عمران خان ہمارے بارے میں عدالتی فیصلے پڑھیں اور شرم کریں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ یہ تصاویر تمہاری طرح آرٹیفیشل انٹیلی جنس سے بنائی گئی تصویریں نہیں بلکہ تمہارے سیاہ دور کی بدترین فسطائیت کے جیتے جاگتے ثبوت ہیں۔ جب قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سمیت اپوزیشن بینچز کی پہلی دو قطاریں جیل میں تھیں، پنجاب کے اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کو جیل میں ڈالا کیونکہ یہ تمہاری چوری، نااہلی اور عوام دشمنی پر سوال اٹھاتے تھے. وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ یہ فرق ہوتا ہے حقیقی اور مصنوعی سیاسی جماعتوں اور قیادت میں۔ یہ فرق ہوتا ہے اصل سیاسی جماعت میں اور سیاست کے لبادے میں ملبوس مسلح جتھوں میں۔

انہوں نے کہا کہ ‏75 سالہ ملکی تاریخ میں سیاسی قائدین نے سیاسی مخالفت کی لیکن عمران خان پہلا آر ٹی ایس ساختہ شخص ہے جس نے ملک کے ساتھ دشمنی کی۔۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان نے سیاسی مخالفین، میڈیا کے ساتھ دشمنی کی اور سب سے بڑھ کر ناقابل معافی جرم یہ ہے کہ عمران خان نے ریاست کے ساتھ دشمنی کی لیکن ہم نے بہادری سے عمران خان کے جبر کا سامنا کیا اور ملک، جمہوریت اور سیاست کی حفاظت کی اور کرتے رہیں گے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے اپنے ٹویٹ میں مسلم لیگ ن سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں کی تصاویر بھی شیئر کیں جنہوں نے عمران خان کے دور حکومت میں جیلیں کاٹیں۔