عمران خان کا اسمبلیوں سے استعفے دینے کا اعلان اعتراف شکست ہے، وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ

114

اسلام آباد۔26نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ عمران خان کا اسمبلیوں سے استعفے دینے کا اعلان اعتراف شکست ہے، اگر پنجاب سے پی ٹی آئی ارکان نکل بھی گئے تو دوسری حکومت بنانے کیلئے ارکان موجود ہیں، پنجاب میں کسی بھی وقت عدم اعتماد کی تحریک لائی جا سکتی ہے جس کے بعد قانونی طور پر اسمبلی توڑی نہیں جا سکے گی،

خیبرپختونخوا میں بھی تحریک عدم اعتماد لائی جا سکتی ہے، عمران خان اپنے مقصد میں بری طرح ناکام ہوئے لہذا ہزیمت سے بچنے کیلئے اسمبلیوں سے باہر آنے کا فیصلہ کیا، ان کے جلسے میں عوام سے سکیورٹی اہلکاروں کی تعداد زیادہ تھی، عمران خان کا وجود فتنہ ہے جو ملک میں عدم استحکام اور انارکی پھیلانا چاہتا ہے، جب تک یہ آدمی نظام سے مائنس نہیں ہو گا یہ ملک کیلئے خرابی کا باعث بنتا رہے گا، یہ آئے روز عوام کے سامنے بے نقاب ہوتا جا رہا ہے اور انشاءاللہ اگلے انتخابات میں عوام ووٹوں سے اسے مائنس کریں گے، عمران خان نے ساڑھے تین سال پنجاب فرح گوگی کے حوالے کیا، وہ پیسے لیکر ایس پی اور ڈی سی لگاتی رہی،

فرح گوگی بارہ ارب روپے لیکر ملک سے بھاگی اور عمران خان نے خود اسے بھگایا ہے، یہ کس قسم کا دیانت دار آدمی ہے؟ جس نے توشہ خانے کے تحائف بھی نہیں چھوڑے۔ ہفتہ کو عمران خان کے تمام اسمبلیوں سے استعفے دینے کے اعلان کے بعد نجی ٹی وی چینل کو ردعمل دیتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان کا اسمبلیوں سے استعفے دینے کا اعلان اعتراف شکست ہے، عمران خان کی طاقت کے ذریعے موجودہ حکومت کوگرانے کی حکمت عملی بری طرح ناکام ہو گئی ہے،

اس کے لانگ مارچ میں لوگوں کی سمندر کی حالت یہ تھی کہ عوام سے زیادہ سکیورٹی اہلکاروں کی تعداد تھی، یہ قومی اسمبلی سے پہلے ہی باہر ہیں، اگر پنجاب اسمبلی سے بھی باہر آئیں گے تو پنجاب اسمبلی میں اتنے ارکان موجود ہیں کہ دوسری حکومت تشکیل دی جا سکے، ان کا کیا خیال ہے کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں اپوزیشن آرام سے ان کی طرف دیکھتی رہے گی، پنجاب میں تحریک عدم اعتماد جمع کرانے کیلئے ریکوزیشن تیار پڑی ہے جو کسی بھی وقت لائی جا سکتی ہے،

اسی طرح خیبرپختونخوا میں بھی تحریک عدم اعتماد لائی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں آج عمران خان کو یہ تسلیم کر لینا چاہیے تھا کہ ان کا موقف غلط ثابت ہوا ہے اور انہوں نے جو طریقہ کار اختیار کیا ہوا ہے وہ غیر آئینی ہے، ہم مل کر ملک کو مشکل سے نکالیں گے اور انتخابات کی طرف جائیں گے لیکن عمران خان کے پاس جب کوئی بات نہیں رہی تو اسلئے اسمبلیوں سے باہر آنے کی بات کی۔ رانا ثناءاللہ نے کہا کہ عمران خان ایک احمق انسان ہے، اس کا وجود ملکی سیاست کیلئے خرابی کا باعث ہے،

جب تک یہ شخص نظام میں موجود ہے یہ اسی طرح حماقتیں، فتنہ و فساد برپا کرتا رہے گا، میں سمجھتا ہوں کہ اس آدمی کو اسمبلیوں سے نکلنا چاہیے، یہ آدمی نظام سے مائنس ہو گا تو ملک میں سیاسی استحکام پیدا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ فیض آباد کا شو کرنے کیلئے پنجاب اور خیبرپختونخوا حکومتوں کے وسائل استعمال ہوئے، اگر دونوں حکومتیں اس کے پاس نہ ہوتیں تو اس کے جلسے میں دسواں حصہ بھی لوگ اکٹھے نہ ہوتے، اگر اس کے جلسے میں پانچ سے دس لاکھ لوگ ہوتے تو یہ ضرور اسلام آباد کی طرف آتا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان اپنی مقبولیت کا جھوٹا ڈھونڈرا پیٹ رہا ہے، پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں اس کی پوزیشن واضح ہے، اگلے انتخابات میں خیبرپختونخوا میں بھی پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ اسے ٹف ٹائم دے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ غیرمشروط مذاکرات ہمیشہ ہوتے ہیں اور اسی طرح معاملات آگے چلتے ہیں،

اگر شرائط سامنے رکھ کر مذاکرات شروع کئے جائیں تو وہ کبھی بھی نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی کرپشن قوم کے سامنے بے نقاب ہو گئی ہے، اس نے توشہ خانے کے تحائف تک نہیں چھوڑے، اس کے علاوہ عمران خان نے ایک پراپرٹی ٹائیکون سے پانچ ارب روپے کی پراپرٹی لیکر قوم کے خزانے کو پچاس ارب روپے کا ٹیکہ لگایا، یہ پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیوں سے باہر آئے گا تو اس کی کرپشن کی داستانیں مزید بے نقاب ہوں گی۔