اسلام آباد۔2جنوری (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما پلوشہ خان نے حکومت پنجاب کے ترجمان مسرت جمشید کو تنبیہ کی ہے کہ وہ خاتون ہونے کا ناجائز فائدہ نہ اٹھائیں انہیں چاہیے کہ عمران خان کی نالائقی پر ماتم کرے کیونکہ عمران خان کرکٹ میں جوا، چندے میں خردبرد اور سیاست میں گالی کی پہچان بن گئے ہیں۔
سینیٹر پلوشہ خان نے کہا کہ جمہوری سیاست کے امام آصف علی زرداری نے جمہوری عمل سے عمران خان کو آئوٹ کیا۔ ہیچری میں پرورش پانے والی پی ٹی آئی اقتدار سے نکالے جانے کے بعد مچھلی کی طرح تڑپ رہی ہے۔ سینیٹر پلوشہ خان نے کہا کہ عمران خان ہمیشہ بارہ موسموں کا ذکر کرتے تھے۔ ان کا بارہواں موسم جیل میں جانے کے بعد شروع ہوگا۔