عمران خان کو آئینی عدم اعتماد کے ذریعے پارلیمان سے گھر بھیجنا جمہوریت کی فتح ہے ،بلاول بھٹو زرداری کا عاصمہ جہانگیر کانفرنس سے خطاب

115

لاہور۔23اکتوبر (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اوروزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان کو آئینی عدم اعتماد کے ذریعے پارلیمان سے گھر بھیجنا جمہوریت کی فتح ہے ، عمران خان پاکستانی تاریخ کا پہلا وزیراعظم تھا جس نے ملکی معیشت پر خود کش حملہ کر کے عوام پر ظلم کیا ، پی ڈی ایم کے لیڈروں نے سیاسی قیمت ادا کر کے ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچا یا، ملکی معیشت کو درست کیا ہی تھا کہ تاریخی مون سون اور سیلاب نے پاکستانی قوم کو ایک اور بحران میں ڈال دیا ، تمام سیاسی جماعتیں سیلاب متاثرین کی بحالی و آبادکاری کے لئے ایک پیج پر جمع ہو جائیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز مقامی ہوٹل میں عاصمہ جہانگیر کانفرنس کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ، اخترمینگل ، علی ظفر ، منیزے جہانگیر ، افرا سیاب خٹک و دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنما بھی موجود تھے۔

بلاول بھٹو زرداری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے اپنے دور میں ملک و قوم کے لئے مشکلات پیدا کیں ، اسے جمہوری طریقہ سے گھربھیجا گیا جو جمہوریت کی مضبوطی کا منہ بولتا ثبوت ہے ،انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ کسی بھی وزیراعظم کا احتساب عدلیہ یا گیٹ نمبر 4کی بجائے جمہوری انداز میں پارلیمان کے ذریعے ہونا چاہیے، عمرا ن خان ملکی تاریخ کا واحد وزیراعظم ہوگا جس نے معیشت پر خودکش حملہ کیا جو کہ پاکستانی عوام پر ایک بہت بڑا ظلم تھا ، پی ڈی ایم کی حکومت نے ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا ، ابھی معیشت سنبھلی ہی تھی کہ سیلاب نے پاکستانی عوام کوایک نئی مشکل میں ڈال دیا ، سیلاب سے گلگت بلتستان ، خیبر پختونخواہ ، جنوبی پنجاب ، سندھ اور بلوچستان کے بہت سے علاقے بری طرح متاثر ہوئے۔

بلاول بھٹو زرداری نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ سیلاب سے 33ملین لوگ متاثر ہوئے جن میں 16ملین بچے ، چھ لاکھ حاملہ خواتین بھی شامل ہیں ، 4.5ملین ایکڑ رقبے پر فصلوں کو نقصان پہنچا ، انہوں نے کہا کہ اتنے بڑے پیمانے پرتباہی کسی اور ملک میں ہوتی تو اسے ایک قومی ایشو قرار دے کر اسے حل کرنے کی کوشش کی جاتی جبکہ ہمارے ہاں اس اہم ایشو پربھی سیاست ہوتی رہی ،انہوں نے کہا کہ پاکستان کا موسمیاتی تبدیلیوں میں گلوبل کاربن کا حصہ 0.9فیصد ہے مگر سب سے زیادہ موسمیاتی تبدیلی سے پاکستان متاثر ہوا ، دنیا ہماری مدد کرے آج اس مسئلے کو سنجیدگی سے نہ لیا گیا تو کل کوئی اور ملک ہماری طرح متاثر ہو سکتا ہے ،

انہو ں نے کہا کہ سیلاب زدہ لوگوں کی بحالی کے لئے تمام جماعتیں سنجیدگی کا مظاہرہ کریں ، سیاستدانوں کی پریشانیاں تو جار ی رہیں گی ہمیں سیلاب متاثرین کی مدد کے ایک مشترکہ لائحہ عمل اپنانا چاہیے تا کہ مشکل میں پھنسے عوام اس مشکل سے نکل سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں سیاسی انتہا پسندی عروج پر ہے ہم سیاسی اور مذہبی انتہا پسندی کا مقابلہ کریں اور نئی نسل کے لئے بہترپاکستان چھوڑنا چاہتے ہیں ، نئی نسل سچ کا ساتھ دے ، انتہا پسندی اور ایک آدمی کی انا اورہٹ دھرمی کورد کر دے ۔