عمران خان کی پیشی کےموقع پر سرکاری مرسڈیز سٹاف کار کی فراہمی کے حوالے سے ٹویٹ پر سپریم کورٹ کی وضاحت

121
Supreme Court

اسلام آباد۔22مئی (اے پی پی):سپریم کورٹ نےوفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کی مورخہ 20 مئی 2023 کو سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے مبینہ طور پر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جمعرات 11 مئی 2023 کو سپریم کورٹ آف پاکستان میں پیشی کے لئے ان کو لے جانے کے لئے ایک سرکاری مرسڈیز سٹاف کار کی فراہمی کے حوالے سے ٹویٹ پر وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ 11 مئی 2023 کو بعد از دوپہر 03:30 بجے عدالت عظمیٰ کے جاری حکم کے مطابق، سپریم کورٹ نے مذکورہ شخص (عمران خان) کو شام 04:30 بجے عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت کی تھی۔ پیر کو یہاں عدالت عظمیٰ کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری وضاحتی پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ جیسا کہ اسلام آباد پولیس نے عدالت میں اطلاع دی کہ عمران خان کی محفوظ نقل و حمل کا بندوبست کرنے کے لئے ان کی پیشی کو شام تقریبا 06:15 بجے تک موخر کر دیا گیا۔ پریس ریلیز کے مطابق یہاں یہ واضح کیا جاتا ہے کہ سپریم کورٹ کسی بھی شخص کو عدالت کے سامنے پیش ہونے کے لئے نقل و حمل کی خاطر سواری فراہم نہیں کرتی ہے۔ اسلام آباد پولیس نے عدالت کی ہدایت کی تعمیل کرتے ہوئے عمران خان کو سپریم کورٹ لے کر جانے کے لیے گاڑی کا انتظام کیا تھا۔