عمران خان کی گرفتاری مشکل کام نہیں ہے،کارکن گرفتاری میں رکاوٹ نہیں ڈال سکتے، رانا ثنااللہ

205

فیصل آباد۔5مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان کی گرفتاری مشکل کام نہیں ہے، اسلام آباد پولیس عدالتی احکامات پرعمل درآمدکروانے کیلئے زمان پارک پہنچی ہے،حکومت نے فیصلہ کیا تو کارکن گرفتاری میں رکاوٹ نہیں ڈال سکتے۔ زرعی یونیورسٹی میں نیزہ بازی چیمپئن شپ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کی ٹیم عدالتی احکامات کی تعمیل کیلئے زمان پارک گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان جھوٹا پراپیگنڈا کر کے عدالتوں میں پیش نہ ہونے اور سزا سے بچنے کیلئے بہانے ڈھونڈ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال کے حوالے سے عدالت کو آگاہ کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی گرفتاری حکومت کیلئے کوئی مسئلہ نہیں ہے جس دن فیصلہ ہوا انہیں گرفتار کر لیا جائے گا اور اس حوالے سے کارکن کوئی رخنہ نہیں ڈال سکتے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے توشہ خانہ میں چوری کی ہے اور اب یہ جھوٹے پراپیگنڈا کی آڑ میں سزا سے بچنے کی کوشش کر رہا ہے۔

عمران خان نے پہلے بھی قاتلانہ حملے کی غلط کہانی بنائی تھی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان جب دوسروں پر الزام تراشی کر رہے تھے تو فرح گوگی کرپشن کا پیسہ باہر منتقل کر رہی تھی ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ الیکشن کروانا الیکشن کمیشن کا کام ہے)ن (لیگ الیکشن کیلئے پوری طرح تیار ہے تاہم الیکشن کمیشن اور دیگر اداروں نے اس معاملہ کو دیکھنا ہے اور یقینی بنانا ہے کہ الیکشن کے بعد مزید مسائل کھڑے نہ ہوجائیں۔

انہوں نے کہا کہ نیزہ بازی مقامی ثقافت کا حصہ ہے اور کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ سے معاشرہ پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جہاں کھیل کے میدان آباد ہوں وہاں ہسپتال ویران ہوتے ہیں۔ اس لئے اس طرح کے ایونٹس منعقد ہونے چاہئیں۔ انہوں نے اس ایو نٹ کے کامیاب انعقادپر یونیورسٹی انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا۔