عمران خان کے وژن پر عمل کرتے ہوئے تحریک انصاف کراچی کے لئے نئی تاریخ رقم کررہی ہے ، وزیر ریلوے اعظم خان سواتی

74

کراچی۔27ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے ریلوے اعظم خان سواتی نے کہا ہے کہ کراچی سرکلر ریلوے (کے سی آر) ایک پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پروجیکٹ ہے ، تخمینہ کے مطابق اس منصوبے کو 18 سے 24 ماہ کی مدت میں مکمل ہونا ہے، یہ اسٹیٹ آف دی آرٹ منصوبہ ہوگاجس میں تمام جدید سہولیات بشمول تیزرفتار الیکٹرک ٹرین شامل ہوگی ، وزیراعظم عمران خان کے وژن پر عمل کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کراچی کے لئے نئی تاریخ رقم کررہی ہے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے پیر کو کینٹ اسٹیشن میں کے سی آر کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

تقریب میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین ، وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر ، وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق،وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی ، پاکستان تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی کے علاوہ پارٹی کے عہدیداران موجود تھے۔

وفاقی وزیر براے ریلوے اعظم خان سواتی نے کہا ہے کہ کراچی ملک کا سب سے زیادہ اہم شہر ہے ، کے سی آر کے علاوہ کراچی شہر کے لئے وفاقی حکومت کے سات دیگر بڑے ترقیاتی منصوبے بھی پائپ لائن میں ہیں ۔ انہوں نے 1970 کے شہر کی یاد دلاتے ہوئے کہا کہ جب وہ یہاں تعلیم حاصل کررہے تھے تو اس وقت یہاں ٹرام ٹرین سروس چلتی تھی ۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہاں مزید ترقیاتی کام ہونے کے بجائے یہ شہر پچھلے چالیس برسوں کے دوران تباہ ہوگیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 1960 کی دہائی میں پاکستان ریلوے کی کوچز ایران اور ترکی سے کہیں بہتر تھیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ چند ماہ میں پاکستان ریلوے منافع بخش ادارہ بن جائے گا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر نے کہا کہ گرین لائن سروس کا باضابطہ آغاز نومبر 2021 میں ہوجائے گا۔ جس کا افتتاح وزیراعظم کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ کے فور منصوبہ سے اکتوبر 2023 میں کراچی کو پانی ملنا شروع ہوجائے گا لیکن وہ چاہتے ہیں کہ 14 اگست 2023 سے پہلے یہ منصوبہ مکمل ہوجائے ۔ اسدعمر نے کہا کہ فریٹ کوریڈور پر بھی جلد کام شروع ہوجائے گا ۔