عمران خان گھبرا نے والالیڈر نہیں بلکہ مخالفین ان سے گھبراتے ہیں، میرٹ اور انصاف کی بنیاد پر ہی بڑے مافیازپر ہاتھ ڈالا گیا ہے،ن لیگ اور پیپلز پارٹی 40سال تک ایک دوسرے کو گالیاں دیتی رہیں،صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال کی ترقیاتی منصوبوں کی افتتاحی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو

247

لاہور۔26 اگست (اے پی پی )صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے ہمیشہ انصاف، میرٹ اور قانون کی بالادستی کی بات کی ہے، میرٹ اور انصاف کی بنیاد پر ہی عوام کا استحصال کرنے والے مافیازپر ہاتھ ڈالا گیا ہے، عمران خان گھبرانے والالیڈر نہیں بلکہ مخالفین ان سے گھبراتے ہیں یہی وجہ ہے کہ 40سال تک ایک دوسرے کو گالیاں دینے والی دوجماعتیں آج ایک دوسرے کی تعریفیں کرتی نظر آتی ہیں، ان کے اتحاد کا واحد مقصد یہی ہے کہ کسی طرح عمران خان سے جان چھوٹے اور احتساب کا عمل ختم ہو، ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی کرپشن عیاں ہوچکی ہے اور انہیں غریب قوم کی لوٹی ہوئی رقم کا حساب دینا پڑے گا، یہ عناصر یاد رکھیں، انشاء اللہ آنے والا وقت بھی تحریک انصاف کا ہی ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار بدھ کے روز یہاں سمن آباد میں ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ترقی کے سفر کو کامیابی سے آگے بڑھا رہی ہے اور عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کی جانب بڑھ رہے ہیں، عوام کی امنگوں، اور ضروریات کے مطابق ترقیاتی سکیمیں مکمل کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک پر 40سال تک مسلط رہنے والی دو جماعتوں نے ہر ادارے کو تباہ کیا جس محکمے میں ہاتھ ڈالیں بگاڑ نظر آتا ہے، پی ٹی آئی کی حکومت اس بگاڑ کو ٹھیک کرنے کیلئے نیک نیتی سے کوشاں ہے، منزل مشکل ضرور ہے لیکن ناممکن نہیں۔ ایک سوال کے جواب میں میاں اسلم اقبال نے کہا کہ پنجاب میں 20کلو آٹے کا تھیلا 860روپے میں مل رہا ہے اور پنجاب واحد صوبہ ہے جہاں سرکاری نرخوں پر آٹا دستیاب ہے، امید ہے کہ وفاقی حکومت کی کمیٹی تین چار روز میں چینی کی قیمت طے کرے گی جس پر پورے صوبے میں عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ قبل ازیں صوبائی وزیر نے سمن آباد کے علاقے میں سیوریج پائپ لائن کے منصوبے کاافتتاح کیا اور کہا کہ کروڑوں روپے کی لاگت سے اس منصوبے کی تکمیل سے علاقے کے لوگوں کو نکاسی آب کے مسئلے سے نجات ملے گی۔