اسلام آباد۔12مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران صاحب جھوٹ بول بول کر تھکے نہیں عوام کی بس ہو گئی ہے، فارن فنڈنگ میں ثابت شدہ منی لانڈرر دوسروں پر جھوٹے الزامات لگاتا ہے جو اربوں روپے کی غیرقانونی فنڈنگ میں پکڑا گیا، وہ غیرملکی سازش کا جھوٹ کس دلیری اور ڈھٹائی سے بولتا ہے۔
جمعرات کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ چار سال تک عوام کا آٹا، چینی، گھی، ایل این جی چوری کرنے والا ہر روز جھوٹ بول کر اپنے گناہ چھپانے کی کوشش کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2018ء میں مسلم لیگ (ن) نے اقتدار چھوڑا تھا تو ملک چینی اور گندم ایکسپورٹ کررہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے 2022 میں عمران صاحب کو نکالا تو پاکستان گندم اور چینی امپورٹ کررہا ہے، یہ دی تھی زراعت کو ترقی؟
مریم اورنگزیب نے کہا کہ کسان آپ کے دور میں کھاد کے لئے دھکے کھاتے رہے،یہ ترقی دی تھی آپ نے کسان کو؟ عمران صاحب کے دور میں ڈی اے پی کی بوری 2600 سے 10 ہزار پر پہنچ گئی، یہ تھی زراعت کی ترقی؟ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے چار سال میں آٹا 35 سے 90 ، چینی 52 سے 120روپے کلو ہوگئی، عوام نہیں بھولے، ان کے چار سال میں بجلی فی یونٹ 11 سے 24 ہوگئی، گیس 600 سے 1400 روپے مہنگی ہوگئی، ان کے چار سال میں پاکستان پر قرض 43 ہزار ارب ہوگیا، یہ معاشی خوش حالی کی سوغات دے کر گئے؟
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ڈالر 120 سے 191 پر یہ پہنچا کر گئے اور آج جھوٹ بولتے ہیں کہ ”معیشت“ اچھی ہوگئی تھی، کسے بے وقوف بنارہے ہیں؟ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران صاحب جتنا مرضی جھوٹ بولیں ، چار سال کاآپ کا سیاہ اعمال نامہ عوام کے سامنے ہے، وہ بھول نہیں سکتے، چار سال میں تاریخی مہنگائی، بدترین قرض،قیامت خیز مفلسی، بھوک آپ کا بدنما اعمال نامہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران صاحب بڑا فیصلہ ہو گیا آپ کو عوام نے مسترد کر دیا، عوام نے ایک نالائق، نااہل چور اور جھوٹے کو مسترد کر دیا ہے۔