عمران نیازی نے دوست ممالک کے ساتھ تعلقات خراب کرکے ملک کو تنہا کرنے کی سازش کی، وزیر مملکت برائے پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک کی پریس کانفرنس

141
عمران نیازی نے دوست ممالک کے ساتھ تعلقات خراب کرکے ملک کو تنہا کرنے کی سازش کی، وزیر مملکت برائے پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک کی پریس کانفرنس

اسلام آباد۔5اکتوبر (اے پی پی):وزیر مملکت برائے پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ عمران نیازی نے دوست ممالک کے ساتھ تعلقات خراب کرکے ملک کو تنہا کرنے کی سازش کی، جو شخص ریاستی راز ”سائفر” کا تحفظ نہیں کر سکتا کیا وہ صادق و امین کہلائے جانے کے قابل ہے، مریم نواز کی بریت کا فیصلہ اﷲ کی بے آواز لاٹھی کے مصداق ہے، نیب پراسیکیوٹر عدالت کے بارہا کہنے کے باوجود ایک بھی ثبوت پیش نہیں کر سکا، عمران نیازی نے پارٹی ورکرز سے ہٹلر کے انداز میں حلف لیا ہے، انشاء اﷲ آنے والے دنوں میں بجلی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی آئے گی، پوری کوشش ہو گی کہ سردیوں میں گیس کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے۔

بدھ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مریم نواز کی عدالت سے بریت کا فیصلہ اﷲ کی بے آواز لاٹھی کے مصداق ہے، اﷲ کی بے آواز لاٹھی کی گونج ہر طرف سنائی دے رہی ہے، ایک خاتون کو سال بھر جیل میں رکھا گیا، عدالت بارہا نیب پراسیکیوٹر سے الزامات ثابت کرنے کیلئے ثبوت پیش کرنے کا کہتی رہی، نیب پراسیکیوٹر عدالت کے بارہا کہنے کے باوجود ایک بھی ثبوت پیش نہیں کر سکا، آج وہ لوگ کہاں ہیں جنہوں نے اﷲ کے گھر کے اندر کھڑے ہو کر بدکلامی کی؟، گالم گلوچ کرنے والوں کو اب ضرور سوچنا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی دور کے این آئی سی ایل کے 24 ارب روپے اور مالم جبہ اور ای او بی آئی کے اربوں کے سکینڈل کا کیا ہوا؟، نام نہاد صادق و امین نے 450 کنال زمین لے کر ایک بڑے پراپرٹی ڈیلر کو 250 ملین ڈالر کا فائدہ پہنچایا اور عارف نقوی سے 3 ملین پائونڈ لے کر اسے بجلی گھر لگانے کے منصوبہ میں اربوں روپے کا فائدہ پہنچایا۔

مصدق ملک نے کہا کہ جو شخص ریاستی راز ”سائفر” کا تحفظ نہیں کر سکتا کیا وہ صادق و امین کہلائے جانے کے قابل ہے؟، عمران نیازی نے دوست ممالک کے ساتھ تعلقات خراب کرکے ملک کو تنہا کرنے کی سازش کی، اپنے ملک کے خلاف سازش کرنے والے کو کیا صادق و امین کہا جا سکتا ہے، اس نے ملک کی خارجہ پالیسی دائو پر لگا دی، امریکہ پر سازش کے الزامات لگاتا رہا لیکن پھر امریکہ میں ہی پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے خلاف کام کرنے والے کو اپنا لابسٹ رکھ لیا۔

مصدق ملک نے کہا کہ عمران نیازی نے پارٹی ورکرز سے ہٹلر کے انداز میں حلف لیا، کیا وہ صادق و امین کہلا سکتا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جتنی گیس گزشتہ سال ہمارے پاس تھی اتنی ہی رواں سال بھی دستیاب ہے، جب عالمی مارکیٹ میں گیس سستی تھی تو اس وقت خریدی نہیں گئی اور آج عالمی مارکیٹ میں یہ گیس دستیاب نہیں ہے، پوری کوشش ہو گی کہ سردیوں میں گیس کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے، موسم سرما میں اس مرتبہ گیس کی فراہمی میں پچھلے سال سے زیادہ ریلیف ملے گا، حکومت ایک پلان تیار کر رہی ہے جس کا جلد اعلان ہو گا،

پاکستان تین سے چار سال میں گیس کی پیداوار میں خود کفیل ہو جائے گا، بجلی کی قیمت میں بھی کمی لائیں گے اور توانائی کے شعبہ میں خود کفالت حاصل کریں گے، 2013ء میں بھی ایسی ہی صورتحال تھی، مسلم لیگ (ن) نے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کیا تھا، اب بھی ملک کو مشکل صورتحال سے نکالنے کیلئے کوشاں ہیں، ایس این جی پی ایل کے سسٹم میں 680 ایم ایم سی ایف ڈی گیس ہے اور گھریلو صارفین کیلئے ہمیں 900 سے 950 ایم ایم سی ایف ڈی گیس درکار ہو گی،

اضافی ایل این جی کا بھی انتظام کیا جا رہا ہے، گھریلو صارفین گیس کی فراہمی میں ہماری اولین ترجیح ہیں، سرکاری کمپنیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 20 ہزار ٹن اضافی ایل پی جی درآمد کریں، ایس این جی پی ایل کو بھی ایل پی جی کی فروخت کا نظام وضع کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے، اس سلسلہ میں اضافی ڈپو بھی بنائے جائیں گے، انشاء اﷲ آنے والے دنوں میں بجلی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں کمی آئے گی۔