عمران نیازی کے مائینڈ سیٹ نے آج روضہ رسول ﷺ کی جس طرح بے حرمتی کی ،قابل مذمت ہے، مٹھی بھر افراد کے فعل نے پوری عالم اسلام میں پاکستانیوں کا نام بدنام کیا،وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ خان

80

اسلام آباد۔28اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ خان نے کہا ہے کہ عمران نیازی کے مائینڈ سیٹ نے آج روضہ رسولﷺ کی جس طرح بے حرمتی کی ،قابل مذمت ہے، مٹھی بھر افراد کے فعل نے پوری عالم اسلام میں پاکستانیوں کا نام بدنام کیا، جمعرات کوروضہ رسول ﷺ پر پیش آنے والے واقعے پررد عمل میں انہوں نے کہا کہ عمران نیازی کے پھیلائے ہوئے شر نے روضہ رسولﷺ کے تقدس کو پامال کیا،محبت، امن اور سلامتی کی جگہ کو سیاست کے لئے استعمال کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ عمران نیازی کے اس فتنے کو معاشرے کے ہر ذی شعور شخص نے سخت ناپسند کیا ہے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ جھوٹ اور بہتان پر مبنی عمران ازم جیسے فتنے کو روکنا ہوگا۔ورنہ عالم اسلام میں ہماری جگ ہنسائی ہوگی۔آج جس طرز عمل کا مظاہرہ کیا گیا یہ نا اسلام کی تعلیم ہے اور ناپاکستان کی تہذیب۔ یہ صرف عمران ازم ہے، انہوں نے کہا کہ ایسے خیالات کو شہ دینے والوں کا بھی قوم کو محاسبہ کرنا ہوگا۔