اسلام آباد۔20اگست (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے انسداد منشیات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ ‘ریموٹ کنٹرولڈ’ وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کے ریاست مخالف بیانیہ کو آگے بڑھانے میں سہولت کار کا کردار ادا کر رہے ہیں، پنجاب میں مسلم لیگ کے کارکنوں کے خلاف انتقامی کارروائیاں بند نہ کی گئیں تو قانونی کارروائی کریں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر اویس لغاری اور رانا مشہود کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئےکیا ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ پنجاب پولیس اپنے’غیر قانونی چھاپوں کے نام پر مسلم لیگ (ن) کے اراکین اسمبلی کے گھروں میں ڈاکے ڈال رہی ہے اور پنجاب میں پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنمائوں کے خلاف جھوٹے مقدمات بنائے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں ہنگامہ آرائی سے متعلق ایک کیس میں لاہور کی عدالت کی جانب سے وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے بعد میں نے حفاظتی ضمانت کے لئے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ انتقامی کارروائیاں شہباز گل کی گرفتاری پر کی جا رہی ہیں اور وزیر اعلی پنجاب ریاست مخالف بیانیہ کو آگے بڑھا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے حامیوں پر جھوٹے اور من گھڑت مقدمات بنائے جا رہے ہیں لیکن ہم ثابت قدم ہیں، ہم گرفتاری سے نہیں ڈرتے لیکن جو انتقامی کارروائیاں آپ کر رہے ہیں اور سیاسی مخالفین کے ساتھ جو سلوک کیا جا رہا ہے وہ آپ برداشت نہیں کر سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان بنی گالہ سے ریموٹ کنٹرول کے ذریعے پنجاب حکومت کو اپنے سیاسی مخالفین کو نشانہ بنانے کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔تاہم انہوں نے پاکستان تحریک انصاف پی ٹی آئی اور پنجاب حکومت دونوں کو متنبہ کیا کہ اگر مسلم لیگ (ن) کے ایک بھی کارکن کو انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا گیا یا بلا جوازگرفتار کیا گیا تو ان کے خلاف بھی قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پرویز الہی کا بیٹا جس کا صوبائی حکومت میں کوئی سرکاری عہدہ نہیں وہ سرکاری افسران کو احکامات جاری کر رہا ہے۔
انہوں نے پنجاب اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر پر حملہ کرنے والوں کے خلاف مقدمات کے اندراج کا مطالبہ کیا اور کہا کہ پرویز الہی پر تشدد کے حوالے سے کوئی ایک تصویر بھی ہے تو اسے سامنے لایا جائے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=323071