ریاض ۔ 29 اکتوبر (اے پی پی) سعودی نائب وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر عبدالفتاح سلیمان مشاط نے اعلان کیا ہے کہ عمرہ کمپنی عمرہ ویزے پر آنے والے کے پروگرام میں توسیع کا حق رکھتی ہے۔ توسیع عمرہ ویزا کی انتہائی میعاد کے دائرہ ہی میں ہوگی۔عمرے پر آنے والا کمپنی سے مقررہ ایام کے حوالے سے پیکیج لیتا ہے۔ اس کی رقم سعودی عرب میں قیام اور پروگرام کے پیش نظر کم زیادہ ہوتی ہے۔ عمرہ پروگرام میں توسیع پر رہائش اور ٹرانسپورٹ کے انتظامات الگ سے کرنا ہوں گے لہذا ایسی صور ت میں نئے پیکیج کی فیس میں خود بخود اضافہ ہوجائے گا۔وزارت حج و عمرہ نے اعلان کیا ہوا ہے کہ 49 ممالک سے آنے والوں کی عمرہ فیس 300 ریال ہے جبکہ عمرے پر آنے والے سے ہیلتھ انشورنس کی مد میں 110ریال مزید وصول کیے جائیں گے۔