بھکر۔ 24 اپریل (اے پی پی):ڈپٹی کمشنربھکر محمد اشرف نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ عوام الناس کو زیادہ سے زیادہ مارکیٹ ریلیف کی فراہمی یقینی بنانے کی اولین ترجیح پر پوری طرح کار بند ہے اور اس مقصد کیلئے مارکیٹ میں اشیائے ضروریہ کی دستیابی،کوالٹی اور نرخوں پر کڑی نظر رکھی جارہی ہے تاکہ صارفین کو اشیائے ضروریہ کے حسب طلب حصول میں کسی دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
انہوں نے یہ بات ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں اے ڈی سی جی عباس رضا ناصر،ڈی او انڈسٹریز شفق ناز،پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کے علاوہ صدر انجمن تاجران رانا محمد اشرف خان اور ضلع بھر سے انجمن تاجران کے نمائندگان نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے ضلعی انجمن تاجران کی مشاورت سے مختلف اشیائے ضروریہ کے نرخوں میں ردوبدل کرکے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جس کیمطابق چاول سپر باسمتی پرانا260 روپے،
چاول سپر باسمتی نیا 240روپے،اری 110 روپے،چنا سیاہ موٹا لوکل250 روپے،چنا سیاہ باریک لوکل 240 روپے ،چنا سفید موٹا لوکل 330روپے،چنا سفید باریک لوکل230 روپے،دال چنا موٹی 260روپے ،دال چنا باریک 230روپے،بیسن 250 روپے،دال مسور موٹی ایمپورٹڈ، 240,دال ماش دھلی ہوئی 400روپے ،دال مونگ دھلی ہوئی 350روپے،چینی ایکس مل پلس 3روپے،گوشت چھوٹا 1500روپے،
گوشت بڑا 850روپے،دودھ کھلا 140روپے،دہی 160روپے فی کلو کے حساب سے دستیاب ہوگی جبکہ روٹی 100گرام 10روپے اور نان 120 گرام 15 روپے میں دستیاب ہوگا۔ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے ضلعی انجمن تاجران کو تاکید کی کہ عوام کو بھرپور مارکیٹ ریلیف کی فراہمی کیلئے کلیدی کردار اداکرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کو ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے اور دکانداروں کو اس امر کا پابند بنایا جائے کہ وہ معیاری اشیائے ضروریہ عوام کو مقررہ نرخوں پر فراہم کریں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ مقررہ نرخوں سے زائد قیمت وصول کرنے والے دکانداروں کے خلاف حسب ضابطہ کارروائی کی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو ہدایت کی کہ مارکیٹ میں اچانک انسپکشن کا سلسلہ تواتر کیساتھ برقرار رکھا جائے تاکہ کوئی دکاندار غیر معیاری اشیائے ضروریہ کی فروخت اور مقررہ نرخوں سے زائد قیمت وصول کرنے کا ارتکاب نہ کرنے پائے۔انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ تمام اشیائے ضروریہ کے مقررہ نرخوں پر مبنی فہرستیں اپنی دکانوں میں نمایاں جگہ پر آویزاں کریں تاکہ صارفین مکمل آگاہی کے تحت سہولت کیساتھ خریداری کرسکیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=587115