اسلام آباد ۔ 11 جون (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ کرپٹ ٹولہ عوام کے خلاف تحریک چلا کر خود کو رسوا کرنے کا انتظام کر رہا ہے، قوم کے مال و دولت پر ہاتھ صاف کرنے والوں کے احتجاج کو عوام مسترد کردیں گے۔ منگل کو اپنے ٹویٹ میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سندھ تک محدود ہونے والوں کی عوامی مقبولیت صفر بٹا صفر ہے، ان کے سیاسی وجود کا اندازہ کل چند درجن افراد کے باہر نکلنے سے ہو گیا۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ (ن) لیگ ہمیشہ دوسروں کے کاندھے پر سوار ہو کے آئی، یہ صرف سازش کر سکتے ہیں، مزاحمت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ سچے ہوتے تو جمہوریت کا رونا رونے کی بجائے دلیری سے اپنی سچائی کا ثبوت دیتے۔ان کو سزا ان کے اپنے ہاتھوں نے دی ہے، نیب ان کا اپنا بنایا ہوا اور چیئرمین ان کا اپنا لگایا ہوا ہے۔ پاناما پیپرز ہم نے جاری نہیں کئے تھے۔