عوام ملک دشمنوں اور دہشت گردوں کے ماسٹر مائنڈ کو مسترد کر چکی ہے، وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا عمران خان کے بیان پر ردعمل

249

اسلام آباد۔15مئی (اے پی پی): وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عوام ملک دشمنوں اور دہشت گردوں کے ماسٹر مائنڈ کو مسترد کر چکے ہیں ،عوام عمران خان کی دہشت گردی اور ملک دشمنی کا حصہ بننے کو تیار نہیں، عمران خان کسے تیار رہنے کو کہہ رہے ہیں؟

پیر کو پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ دہشت گرد، مسلح جتھے اور غنڈے قانون کے مطابق گرفتار ہیں، شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی، حساس سرکاری عمارتوں پر حملے، مساجد، سکولوں، مویشی منڈیوں اور مریضوں کو سڑک پر اتار کر ایمبولنسوں کو جلانے والے تو گرفتار ہو چکے ہیں، اب عمران خان کسے آواز دے رہے ہیں؟

انہوں نے کہا کہ عمران خان آرام سے زمان پارک میں بیٹھ جائیں، جو آگ انہوں نے لگانی تھی لگا لی، دوبارہ آگ نہیں لگانے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام ملک دشمنوں اور دہشت گردوں کے ماسٹر مائنڈ کو مسترد کر چکی ہے۔