عوام کا جمہوریت اور سیاستدانوں پر سے اعتماد خراب ہوا ہے، وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا

41

اسلام آباد۔3مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا ہے کہ یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی کی مبینہ وڈیو جیسے واقعات سامنے آنے سے عوام کا جمہوریت اور سیاستدانوں پر سے اعتماد خراب ہوا ہے، تحریک انصاف حکومت نے سینیٹ انتخابات کو شفاف بنانے کیلئے آرڈینینس سے لیکر آئینی ترمیم بل پارلیمنٹ میں پیش کرنے سمیت ہر ممکن اقدامات اٹھائے۔

بدھ کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی نے میثاق جمہوریت میں سینیٹ انتخابات میں اوپن ووٹنگ پر اتفاق کیا تھا، تحریک انصاف میثاق جمہوریت کا حصہ نہیں تھی لیکن اس کے باوجود وہ انتخابات میں شفافیت لانے کیلئے ان دونوں جماعتوں سے زیادہ جدوجہد کر رہی ہے جبکہ اپوزیشن جماعتیں حکومت کا ساتھ دینے کی بجائے عدالت چلی گئیں۔

ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا کہ موجودہ حکومت انتخابی اصلاحات کیلئے سنجیدہ ہے، اپوزیشن جماعتوں کو چاہیے کہ وہ ماضی کو بھول کر انتخابی نظام کو شفاف بنانے کیلئے حکومت کے ساتھ تعاون کریں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ علی حیدر گیلانی کی مبینہ وڈیو منظرعام پر آنے کے بعد یوسف رضاگیلانی نااہل ہو سکتے ہیں۔