ملتان۔ 26 اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر توانائی سردار اویس لغاری نے کہا ہے کہ آئندہ ایک سال میں بجلی کی قیمتوں میں کمی نظر آئے گی۔ حکومت پنجاب کی طرف سے بجلی صارفین کو دئیے گئے 45 ارب روپے کے ریلیف کو شفاف انداز سے صارفین تک پہنچائیں گے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے سوموار کے روز میپکو ہیڈ کوارٹرز میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ آئی پی پیز سے معاملاتِ باہمی بات چیت کے بعد ملکی اور عوامی مفادات کے مطابق طے کئے جائیں گے۔
اویس لغاری کا کہنا تھا کہ کیپیسٹی ادائیگیوں کا مسئلہ حل کرنے کے لئے بھی کوششیں کر رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نجکاری سے پہلے ڈسکوز کے معاملات ٹھیک کریں گے ۔ پری پیڈ میٹرز کی تنصیب،صارفین کے مسائل کے حل اور حکومت پنجاب کے بجلی بلوں میں دئیے گئے ریلیف کو شفاف انداز سے صارفین تک پہنچائیں گے۔ اویس لغاری نے کہا کہ وزارت سے سفارش کا کلچر ختم کردیا گیا ہے ، ملتان ریجن میں 15 فیصد سے زیادہ بجلی چوری کی رپورٹس ہیں جس کی روک تھام کے لئے سخت اقدامات کئے جا رہے ہیں اور اس سلسلے میں انتظامیہ کو فری ہینڈ دے دیا گیا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ ہمارا ہدف ہے کہ تمام میٹرز کو سمارٹ میٹرز پر منتقل کر دیا جائے جس کا فائدہ سنگل اور تھری فیز صارفین کو ہوگا ۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ بجلی صارفین کی سہولت اور شکایات پر فوری کارروائی کے لئے ہیلپ لائن کے نظام کو مزید موثر بنایا جا رہا ہے۔اس سے قبل وفاقی وزیر توانائی کی زیر صدارت میپکو صدر دفترمیں اجلاس کے دوران ہیلپ لائن نظام کی بہتری،میپکو کارکردگی اور پنجاب حکومت کی طرف سے بجلی صارفین کو 45 ارب روپے کے ریلیف کو شفاف انداز سے صارفین تک پہنچانے کے لئے تجاویز پربات چیت کی گئی۔