عوام کو صحت کی طبی سہولیات کی فراہمی کو ہر ممکن یقینی بنائیں گے،وفاقی وزیر سید مصطفیٰ کمال

64

اسلام آباد۔8جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی صحت سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ عوام کو صحت کی طبی سہولیات کی فراہمی کو ہر ممکن یقینی بنائیں گے،انسانی جانوں کو جلد از جلد سہولیات فراہم کرنا چاہتے ہیں سیوریج ٹریٹمنٹ کا نظام معیاری بنائیں گے ،صاف پانی کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پولی کلینک ہسپتال کا دورہ کرنے کے دوران کیا ۔وزیر صحت نے ہسپتال کے تمام شعبوں کا دورہ کیا اور دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔

انہوں نے میڈیکل وارڈز آئی سی یو ڈائیلاسز سنٹر کا دورہ بھی کیا ۔اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر پولی کلینک نے ہسپتال میں مریضوں کو فراہم کی جانیوالی سہولیات بارے بریفنگ بھی دی ۔ وزیر صحت نے کہا کہ جی سیون تھری فور میں جلد اور نفسیاتی شعبہ میں نئے 20 بستروں کی توسیع کی جائے ۔پولی کلینک کی پرانی بلڈنگ کو ایچ ویک سسٹم کے ساتھ ایک جامع فزیبیلٹی تیار کی جائے تاکہ ایک جامع منصوبے کے ساتھ اس کی سروس ڈیلیوری کو بہتر بنایا جائے ۔

ایم آر آئی مشین کی فوری تنصیب کی جائے۔بعد ازاں وفاقی وزیر صحت نے پمز ہسپتال کی زیر تعمیر نیو ایمرجنسی کا دورہ کیا اور کام کی رفتار کا جائزہ لیا ،یہ نیو ایمرجنسی دوسو بیڈز پر مشتمل ہے انتظامیہ فوری طور منصوبے کی پریزنٹیشن تیار کرے۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کو درپیش چیلنجز ٹائم لائن کے ساتھ مجھے بریف کیا جائے ، درپیش چیلنجز جن کا تعلق ہم سے ہوگا فوری بنیادوں پر حل کریں گے ۔جو کام آپ کے ذمہ ہوں گے اس کو فاسٹ ٹریک پر یقینی بنائیں ۔نیو ایمرجنسی کے منصوبہ کا تعلق انسانی جانوں سے ہے ۔

بعد ازاں مصطفی کمال نے اسلام آباد میں زیر تعمیر کینسر ہسپتال کا بھی دورہ کیا ۔ پروجیکٹ ڈائریکٹر نے وزیر صحت کو بریفنگ دی ۔کینسر ہسپتال جدید سہولیات کے ساتھ دوسو بیڈز پر مشتمل ہے ۔کینسر ہسپتال میں Pet Scan کی سہولت بھی موجود ہو گی ۔اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ اس منصوبے پر جامع اور ٹائم لائن کے ساتھ پریزنٹیشن دی جائے، لیبرز انجینئرز کی تعداد میں اضافہ اور ڈبل شفٹ میں کام کیا جائے۔ وفاقی سیکرٹری ہیلتھ سید وقارالحسن بھی وزیر صحت کے ہمراہ موجود تھے۔