عوام کی جیب کاٹ کر باہر علاج کروانے والوں نے عوام کے لیے علاج کی کوئی سہولت فراہم نہیں کی، وزیراعظم کے ترجمان و معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گِل کا سعید غنی کے بیان پر ردعمل

114
مسلم لیگ (ق) نے عدم اعتماد میں وزیراعظم عمران خان کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے، ڈاکٹر شہباز گل

اسلام آباد۔31دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم کے ترجمان و معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گِل نے کہا ہے کہ عوام کی جیب کاٹ کر باہر علاج کروانے والوں نے عوام کے لیے علاج کی کوئی سہولت فراہم نہیں کی، پنجاب کے تمام 36 اضلاع میں تقریباً 4 کروڑ صحت کارڈ زکی تقسیم کا عمل شروع ہو رہا ہے، اندرون سندھ کے عوام آج بھی علاج کی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو سعید غنی کے بیان پر ردعمل میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے عام عوام کو صحت کی سہولیات دینے کا خواب دیکھا، اس خواب کو انتھک محنت کے بعد تعبیر دی گئی۔ ڈاکٹر شہباز گِل نے کہا کہ ماضی کے کرپٹ حکمرانوں کے علاج سرکاری خرچ پر دنیا کے مہنگے ترین ممالک میں ہوتے رہے، عوام کی جیب کاٹ کر باہر علاج کروانے والوں نے عوام کے لیے علاج کی کوئی سہولت فراہم نہیں کی۔

انہوں نے کہا کہ اندرون سندھ کے عوام آج بھی علاج کی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، سندھ پر مسلط ڈاکو اور ان کے حواری پروپیگنڈے کی بجائے سندھ کے حالات کا جائزہ لیں۔ ڈاکٹر شہباز گِل نے کہا کہ پنجاب کے تمام 36 اضلاع میں تقریباً 4 کروڑ صحت کارڈ زکی تقسیم کا عمل شروع ہو رہا ہے، یونیورسل ہیلتھ کوریج کی فراہمی موجودہ حکومت کا وژن ہے، معاشرے کے کمزور طبقات تک صحت کی معیاری سہولیات پہنچ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پورے پاکستان میں صحت کی سہولیات بہم پہنچانا ہماری ترجیحات کا واضح مظہر ہے۔