عوام کیلئے اشیاء خورد و نوش کا آسان حصول و فراہمی حکومت کی اولین ذمہ داری ہے،اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف

143
سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف

اسلام آباد۔16اکتوبر (اے پی پی):اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور قائم مقام اسپیکر زاہد اکرم درانی نے عالمی یوم تحفظ خوراک کے موقع پر پیغام میں کہا کہ خوراک زندگی کی بنیادی ضرورت ہے،عوام کیلئے اشیاء خورد و نوش کا آسان حصول و فراہمی حکومت کی اولین ذمہ داری ہے،ملک کی تعمیر و ترقی میں زراعت کا شعبہ ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔

سپیکرنےکہاکہ ملک میں خوراک کی قلت سے بچنے کے لیے کسانوں کو درپیش مسائل کا حل ڈھونڈنا ہو گا،حالیہ سیلاب کے باعث ملک میں فصلوں اور لائیو اسٹاک بہت زیادہ نقصان پہنچا ہے،سیلاب سے فصلوں کو پہنچے والے نقصانات ملک میں خوراک کی قلت کا باعث بن سکتا ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ خوراک کو ضائع ہونے سے بچانا ہر شہری کی ذمہ داری ہے،ناجائز منافع خوری کے لئے ذخیرہ اندوزی کرنے والے قومی مجرم ہیں،ناجائز منافع کمانے والے اور اشیائے خوردونوش ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

قائمقام سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ عوام تک خوراک جیسی بنیادی ضرورت کی فراہمی حکومت کی اولین زمہ داری ہے، حالیہ سیلاب کے باعث 33 ملین سے زائد لوگ متاثر ہوئے اور لاکھوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہوئیں،فصلوں کو پہنچنے والے نقصان کے باعث عوام کو خوردنی اشیاء کے حصول میں دقت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے،

عوام کو اشیائے خوردونوش کی فراہمی میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ سے بچنے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں،قائم مقام سپیکر کی تمام سیاسی جماعتوں پر سیلاب کی تباہ کاریوں کے باعث ملک میں خوراک کی قلت کو ممکنہ خطرے سے بچنے کے لیے مل کر پالیسی مرتب کرنے کی ضرورت پر زوردیا۔