عوام کیلئے خوشخبری،پنجاب میں تمام وائلڈلائف پارکس اور چڑیاگھر کھول دئیے گئے سیاح کورونا ایس اوپیز اور حکومت کی جاری کردہ ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنائیں ، ڈی جی وائلڈ لائف

68

لاہور۔11 اگست (اے پی پی )پنجاب وائلڈلائف اینڈ پارکس ڈیپارٹمنٹ نے کوروناوائرس کے باعث ہونے والے لاک ڈائون کے خاتمے کے بعد صوبہ بھر میں واقع تمام وائلڈلائف پارکس اور چڑیا گھر عوام کیلئے کھو لنے کے احکامات جاری کردئیے اور اس حوالے سے محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کی جاری کردہ ہدایات کے مطابق نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔ ڈی جی وائلڈلائف سید طاہر رضاہمدانی نے کہا ہے کہ وائلڈ لائف پارکس اور چڑیاگھر ایس او پیز کے تحت کھولے جارہے ہیں ۔ وباء کا خطرہ ابھی ٹلا نہیں اس لیے سیاحوں کو چاہیے کہ وہ کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنائیں ۔انہوںنے پارکس اور چڑیاگھروں کے انتظامی افسران کو ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں کی بندش اور طویل عرصہ تک پارکس اور چڑیاگھر بند رہنے کے باعث بچوں اور سیاحوں کی بڑی تعداد کی آمد کے پیش نظر سماجی فا صلہ یقینی بنانے کیلئے خصوصی انتظامات کئے جائیں اور پارکس اورچڑیاگھروں میں کسی بھی جگہ ہجوم نہ بننے دیں ۔ طاہر رضا ہمدانی نے مزید کہا ہے کہ وائلڈلائف پارکس اور چڑیاگھروں کی حدود میں کوروناسے بچائو اور ایس اوپیز پر عملدرآمد کے حوالے عوام کی آگاہی کیلئے خصوصی بینرز بھی آویزاں کئے جائیں۔