24.3 C
Islamabad
پیر, مارچ 10, 2025
ہومضلعی خبریںعوام کے مسائل کا حل وخوشحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے، رانا...

عوام کے مسائل کا حل وخوشحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے، رانا مبشراقبال

- Advertisement -

لاہور۔9مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر پبلک افیئر یونٹ رانا مبشر اقبال نے کہا ہے کہ عوام کے مسائل کا حل اور خوشحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے، وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے وہ کر دکھایا جو ناممکن سمجھا جا رہا تھا،موجودہ حکومت نے جب اقتدار سنبھالا تو ملک دیوالیہ ہونے کے دہانے پر تھالیکن انتھک محنت اور درست فیصلوں کے نتیجے میں پاکستان کو ایک بار پھر ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا گیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو خیابان امین میں پریس کانفرنس خطاب کرتے ہوئے کیا۔رانا مبشر اقبال نے کہا کہ ماضی میں پاکستان کا کوئی دوست ملک نہیں بچا تھا، مگر اب خارجہ پالیسی کو بہتر بنا کر عالمی سطح پر پاکستان کی ساکھ بحال کر دی گئی ہے۔

- Advertisement -

انہوں نے دعوی کیا کہ جس طرح نو مئی کے واقعات میں ملک کو نقصان پہنچایا گیا، وہ کسی دشمن نے بھی نہیں کیا، پی ٹی آئی نے جی ایچ کیو پر حملے کروائے، چھائونیوں میں جلائو گھیرائو کیا جو تاریخ کا سیاہ باب ہے، انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے معیشت کو سنبھالا دیا ہے، مہنگائی 38 فیصد سے کم ہو کر 1.6 فیصد تک آ گئی ہے، پاکستان کی اڑان جلد پورے ایشیاء میں نظر آئے گی۔

رانا مبشر اقبال نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت ملک کو اندھیروں سے نکال کر اجالوں میں لے آئی اور معیشت کو بہتر بنایا جا رہا ہے،انہوں نے دعوی کیا کہ موجودہ حکومت پر کرپشن کا کوئی اسکینڈل سامنے نہیں آیا۔ انہوں نے کہا کہ رمضان پیکج کے تحت 40 لاکھ خاندانوں کو براہ راست امداد پہنچائی جا رہی ہے جبکہ پہلے لوگ یوٹیلٹی اسٹورز پر دھکے کھاتے تھے۔ ایک سوال پر وفاقی وزیر نے کہا کہ خیبر پختونخوا کو دیوالیہ کر دیا گیا ہے، علی امین گنڈا پور صرف بڑھکیں مار رہا ہے، عوام کے مسائل حل کرنا ان کے بس کی بات نہیں، مریم نواز کے ترقیاتی منصوبے علی امین کے دعوئوں پر بھاری ہیں۔رانا مبشر نے کہا کہ پی ٹی آئی نے اپنے دور حکومت میں اربوں درخت اور لاکھوں گھر بنانے کے جھوٹے دعوے کیے، مگر حقیقت میں کچھ نہیں دکھایا،ملک کو دیوالیہ کرنے میں پی ٹی آئی کا بڑا ہاتھ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ گرین پاسپورٹ کی عزت واپس لائی جائے گی، جس کے لیے وزیراعظم کی ٹیم دن رات کام کر رہی ہے، دہشت گردی کے خلاف پاک فوج جانیں قربان کر رہی ہے، افغان سرزمین سے حملوں کا سخت نوٹس لیا گیا اور افغان حکومت سے مذاکرات جاری ہیں۔رانا مبشر نے اعلان کیا کہ ہر صوبے میں عوامی مسائل کے حل کے لیے دفاتر کھولے جائیں گے، چور بازاری اور کرپشن کا خاتمہ ہماری ترجیح ہے۔ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ صنعتوں کو 11 روپے اور گھریلو صارفین کو 4 روپے فی یونٹ بجلی پر ریلیف دیا جا رہا ہے ، جلد نرخ 25 سے 26 روپے فی یونٹ تک لانے کا ہدف ہے، سولرائزیشن منصوبے سے عوام کو براہ راست فائدہ ہو گا۔

ایک سوال پر وفاقی وزیر نے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے بڑے فیصلے لیے جا رہے ہیں،پاک فوج کے سپہ سالار کی قیادت میں دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری ہیں، پاکستان کو امن کا گہوارہ بنائیں گے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=570545

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں