استور ۔07 دسمبر (اے پی پی):چیف سیکریٹری گلگت بلتستان ابرار احمد مرزاکی زیر صدارت سیکرٹریز و ڈپٹی کمشنرز کانفرنس منعقد ہوئی۔کانفرنس میں مختلف محکموں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور حکومتی امور کو مزید بہتر بنانے کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔میٹنگ کے دوران محکموں کی موجودہ کارکردگی، درپیش چیلنجز، اور آئندہ کے لائحہ عمل پر گفت و شنید کی گئی۔
چیف سیکریٹری گلگت بلتستان نے تمام سیکریٹریز کو ہدایت کی کہ وہ عوامی خدمت کے معیار کو مزید بہتر بنانے اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے اپنی ذمہ داریوں کو پوری لگن کے ساتھ ادا کریں۔اجلاس میں ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور مالیاتی نظم و نسق کو بہتر بنانے پر زور دیا گیا۔ چیف سیکریٹری گلگت بلتستان نے تمام محکموں کو عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے تندہی سے کام کرنے کی تاکید کی۔
اجلاس میں عوامی مسائل کے حل کے لیے ایک مربوط حکمت عملی اپنانے اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دینے پر بھی گفتگو ہوئی۔اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکریٹری گلگت بلتستان نے کہا کہ گلگت بلتستان کی ترقی اور عوامی خوشحالی ہماری اولین ترجیح ہے، اور اس کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔