چکوال۔ 02 مئی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر سارہ حیات کی ہدایت پر ماہانہ ریونیو عوامی خدمت سروسز کا انعقاد ڈی سی آفس کمپلیکس کے ہال میں کیا گیا۔ ریونیو خدمت سروسز کے تحت تمام ریونیو سروسز جس میں درستگی ریکارڈ، اجرا فرد اراضی، اندراج انتقال، انکم سرٹیفکیٹ اور دیگر سروسز مہیا کی گئیں-
اے ڈی سی آر محمد شہاب اسلم نے ریونیو سے متعلق عوامی مسائل سن کر ان کے حل کے لئے موقع پر احکامات جاری کئے۔ ریونیو عوامی خدمت سروسز میں اسسٹنٹ کمشنر چکوال ذیشان شریف قیصرانی،ریونیو افسران، انچارج اراضی ریکارڈ سنٹر اور ریونیو کے دیگر اہلکاران بھی موجود تھے۔ اے ڈی سی آر نے احکامات جاری کئے کہ عوام کی طرف سے پیش کردہ مسائل کا فوری حل ریونیو عوامی خدمت سروسز پروگرام کی اصل روح کے مطابق یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے ریونیو افسران و اہلکاران کو واضح حکم دیا کہ عوامی مسائل کے حل میں تاخیر و التواءکو قطعاً برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اے ڈی سی آر نے اسسٹنٹ کمشنر کو ہدایت کی کہ عوامی مسائل کے حل کے لئے متعلقہ افسران و اہلکاران کی کارکردگی پر کڑی نظر رکھی جائے تاکہ کوئی اہلکار عوامی مسائل کے حل میں غفلت نہ کرنے پائے۔ انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ انہیں حکومت پنجاب کے ریونیو عوامی خدمت سروسز پروگرام کے حقیقی ثمرات کی فراہمی میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=591526