پشاور۔ 28 مارچ (اے پی پی):عید الفطر کے موقع پر خیبرپختونخوا کی جیلوں میں معمولی نوعیت کے مقدمات میں قید 214 ملزمان کو رہا کردیا گیا۔ رجسٹرار پشاور ہائیکورٹ نے رپورٹ جاری کردی۔پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ سیشن ججز نے مختلف جیلوں کے دورے کیے ، سیشن ججز نے معمولی نوعیت کے جرائم میں ملوث قیدیوں کے کیس سن کر موقع پر فیصلے دیئے۔رپورٹ کے مطابق صوبے کی 34 جیلوں سے مجموعی طور پر 214 قیدی رہا کیے گئے۔
پشاور سنٹرل جیل سے 69 ، صوابی جیل سے 25 اور مردان سے 16 قیدی رہا کیے گئے، کوہاٹ سے 9، ہری پور 10، ڈی آئی خان جیل سے 11 قیدیوں کو رہا کیا گیا۔ رجسٹرار پشاور ہائیکورٹ کی جانب سے جاری کی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چیف جسٹس کی ہدایت پر صوبے کی جیلوں میں معمولی نوعیت کے مقدمات میں قید ملزمان کو رہا کیا گیا۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے یوم پاکستان اور عیدالفطر کے موقع پر قیدیوں کی سزاؤں میں 180 روز کی خصوصی چھوٹ کا اعلان کیا تھا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=576988