اسلام آباد۔29ستمبر (اے پی پی):مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے مستونگ میں عید میلاد النبی کے جلوس پر ہونے والے بزدلانہ حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے اپنے بیان میں دہشت گردانہ کارروائی میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جانبحق افراد کے ورثاء سے دلی تعزیت و ہمدردی کی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ سنگین نوعیت کے دھماکے میں شدید نقصان کے پیش نظر متاثرین کو فوری طبی امداد فراہم کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر اپنی سفاکیت سے قوم اور بہادر جوانوں کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔دہشت گرد کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں ہیں، بے رحم قاتلوں کے سروں کو کاٹنے میں ہی عافیت ہے۔انہوں نے کہا کہ دشمن خوف اور مایوسی پھیلانا چاہتا ہے علمائے کرام اور عوام وحدت کے ساتھ مذموم مقاصد کو ناکام بنا دیں۔