اسلام آباد۔8جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن نے کہا ہے کہ زیرو ویسٹ آپریشن کے تحت عید کے پہلے روز کنٹرول روم پر ملنے والی شکایات پر 100 فیصد کامیابی سے کارروائیاں کی گئیں، عید الاضحٰی کے دوسرے روز آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے، پہلے روز وفاقی دارالحکومت میں زیرو ویسٹ آپریشن کامیابی سے مکمل کیا گیا اور مجموعی طور پر 81 ہزار 122 آلائشیں، تقریباً 1362 ٹن کو ٹھکانے لگایا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے اپنے بیان میں کہا کہ 107 ڈمپنگ پوائنٹس پر آلائشیں ٹھکانے لگانے کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری رہے گا۔
چیف کمشنر اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد پورا دن فیلڈ میں موجود رہے، افسران کی جانب سے ڈمپنگ پوائنٹس سمیت صفائی آپریشن کی کڑی مانیٹرنگ کی جاری رہی ہے ۔پاکستان میں پہلی بار ڈرون کیمروں کی مدد سے صفائی آپریشن کی نگرانی کی گئی-
قربانی والے مقامات پر عرق گلاب اور فنائل سپرے کے بعد چونے کا چھڑکاؤ کیا گیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سمیت تمام اسسٹنٹ کمشنرز بھی مختلف مقامات پر موجود رہے، عید کے پہلے روز کنٹرول روم پر ملنے والی شکایات پر 100 فیصد کامیابی سے کاروائیاں کی گئیں۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن نے اپیل کی ہے کہ شہری اجتماعی قربان گاہوں میں جانور زبح کرنے کو ترجیح دیں، شہری کسی بھی جگہ آلائشیں دیکھیں تو ہمیں فی الفور اطلاع دیں۔ عرفان نواز میمن نے اپیل کی کہ آئیں ہم مل کر وفاقی دارالحکومت کی خوبصورتی کو برقرار رکھیں۔