عیدالاضحیٰ کی مناسبت سے شہرمیں مویشی منڈیوں میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، محمد فیصل کامران

150
Cattle markets

لاہور۔13جون (اے پی پی):ڈی آئی جی آپریشنز لاہور محمد فیصل کامران نے کہا ہے کہ عیدالاضحیٰ کی مناسبت سے شہربھر میں قائم8مویشی منڈیوں میں سکیورٹی کے سخت انتظامات عمل میں لائے گئے ہیں،مویشی منڈیوں میں بیوپاریوں اورخریداروں کے تحفظ کیلئے 04ایس پیز،08ایس ڈی پی اوز،07ایس ایچ اوز سمیت450 پولیس اہلکارتعینات کئے گئے ہیں۔

محمد فیصل کامران نے کہا کہ لاہور پولیس شہریوں کے تحفظ کیلئے کوئی کثر اٹھا نہ رکھے گی،شہریوں کی حفاظت، کوئک رسپانس اور احساس تحفظ کیلئے مویشی منڈیوں میں پولیس ہیلپ ڈیسک قائم کئے گئے ہیں جبکہ سادہ پارچات میں بھی جوان منڈیوں میں ہونے والی سرگرمیوں پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ نوسر بازوں، جیب تراشوں اور جرائم پیشہ افراد کی سرکوبی کیلئے پٹرولنگ پلان بھی تشکیل دیا گیا ہے،شہریوں میں احساس تحفظ کیلئے ڈولفن سکواڈاور پولیس رسپانس یونٹ سمیت پٹرولنگ ٹیمیں مویشی منڈیوں کے اطراف پٹرولنگ کر رہی ہیں۔

محمد فیصل کامران نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شاہ پور کانجراں،رائیونڈ روڈ، این ایف سی سوسائٹی ملتان روڈ، نیو کنگ لین ہائوسنگ سوسائٹی،سپورٹس کمپلیکس اڈا رکھ چھبیل،برکی روڈ، ایل ڈی اے سٹی اور سگیاں روڈکے مقامات پر مویشی منڈیاں قائم کی گئی ہیں، منظور کردہ پوائنٹس کے علاوہ کسی اورجگہ مویشی منڈی لگانے کی اجازت نہیں۔انہوں نے کہاکہ غیر قانونی مویشی منڈیوں اورسیل پوائنٹس کے خلاف قانونی کارروائیاں عمل میں لائی جارہی ہیں، شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ مشکوک سرگرمیوں کے متعلق اطلاع پولیس ہیلپ ڈیسک یا ایمرجنسی 15پر دیں۔