عیدالفطر کے موقع پر کورونا سے بچائو کے حوالے سے ایس او پیز پر مکمل طریقے سے عمل پیرا ہوں ، وزیراعظم عمران خان کی عیدالفطر کے موقع پر اپیل

87

اسلام آباد۔13مئی (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کورونا وبا کی تیسری لہر کے پیش نظر پوری قوم سے اپیل کی ہے کہ عیدالفطر کے موقع پر کورونا سے بچائو کے حوالے سے ایس او پیز پر مکمل طریقے سے عمل پیرا ہوں احتیاط ہمارے دین کا حکم بھی ہے اور سنت رسول ۖﷺبھی، اس سال عید کی خوشیاں مناتے ہوئے اپنے ارد گرد بسنے والے بے کس و بے سہارا افراد خصوصاً کورونا کی وجہ سے مشکلات کا شکار خاندانوں کا بھی خیال رکھیں۔

عید کے پرمسرت موقع پر ہماری نیک تمنائیں اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں۔ عیدالفطر 1442 ھ کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ عیدالفطر کے پر مسرت موقع پر میں اہل وطن اور ملت اسلامیہ کو دلی مبارک باد پیش کرتا ہوں۔اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ اس نے ہمیں رمضان المبارک کے فیوض و برکات سے مستفید ہونے کا موقع فراہم کیا۔ اللہ رب العزت ہمارے روزوں اور عبادات کو اپنی بارگاہ مبارک میں قبول فرمائے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ رمضان المبارک میں اللہ تعالی نے ہمیں صبر و شکر اور اپنے نفس اور ضروریات پر قابو پانے کی جس عملی تربیت سے گزارا ہے اس کا مقصد ہمارے اندر دوسروں کی تکالیف، بھوک، پریشانی کا احساس پیدا کرنا ہے۔ احساس اور دوسروں کا درد ہی انسانی معاشرے کی اصل طاقت اور پہچان ہوتے ہیں اور یہی ریاست مدینہ کا خاصہ تھا جو ہمارا رول ماڈل ہے۔ ہمیں چاہئے کہ ہم پورا سال اس جذبے کو ساتھ لے کر چلیں اور معاشرے کو انسان دوست بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ وزیراعظم

عمران خان نے قوم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جیسا کہ آپ جانتے ہیں کہ ہم اس وقت کورونا وبا کی تیسری لہر سے نبردآزما ہیں۔ موجودہ حالات کے پیش نظر میری پوری قوم سے درخواست ہے کہ عیدالفطر کے موقع پر کورونا سے بچا کے حوالے سے ایس او پیز پر مکمل طریقے سے عمل پیرا ہوں اور ہر ممکن احتیاط برتیں۔ احتیاط ہمارے دین کا حکم بھی ہے اور سنت رسول ۖبھی۔

وزیراعظم نے قوم سے اپیل کی کہ اس سال عید کی خوشیاں مناتے ہوئے اپنے ارد گرد بسنے والے بے کس و بے سہارا افراد خصوصا کورونا کی وجہ سے مشکلات کا شکار خاندانوں کا بھی خیال رکھیں۔ آئیے اس موقع پر ان افراد اور ان خاندانوں کو بھی اپنی دعاں میں یاد رکھیں جو بڑے مقاصد کے لئے بڑی قربانیاں دیکر قوم کا سر فخر سے بلند کرتے ہیں۔

عید کے اس پرمسرت موقع پر ہماری دعائیں اور نیک تمنائیں اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں۔ اللہ تعالی سے دعا ہے کہ ہماری قوم کو عید کی خوشیاں نصیب فرمائے اور ہمارے ملک کو آفات سے محفوظ رکھے۔ آمین پاکستان پائندہ باد