غزہ ۔19جون (اے پی پی):فلسطین کی وزارت صحت نے کہا ہےکہ غزہ میں اسرئیلی جارحیت کے دوران اب تک37 ہزار 372 فلسطینی شہید اور 85 ہزار 452 زخمی ہوئے ہیں ۔اردو نیوز کے مطابق وزارت صحت نےبیان میں کہا کہ ان اموات میں 24 گھنٹوں میں ہونے والی 25 اموات بھی شامل ہیں۔دوسری جانب امریکی مندوب آموس ہوچسٹین نے غزہ جنگ کے آغاز کے بعد سے لبنان کی حزب اللہ اور اسرائیلی افواج کے درمیان جاری سرحد پار فائرنگ کے تبادلے کو فوری طور پر کم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔انہوں نے لبنان کے دورے کے دوران کہا کہ اسرائیل اور حزب اللہ کا تنازعہ کافی عرصے سے جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہر ایک کے مفاد میں ہے کہ یہ (تنازع) جلد از جلد سفارتی طریقے سے حل ہو، جو ممکن ہے اور اس کی فوری ضرروت ہے۔آموس ہوچسٹین نے تل ابیب میں اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو سے بات چیت کے ایک دن بعد لبنانی پارلیمنٹ کے سپیکر نبيه بری سے ملاقات کی۔انہوں نے کہا کہ سپیکر بری اور ان کے درمیان کافی اچھی بات چیت ہوئی، ہم نے لبنان کی حالیہ سکیورٹی اور سیاسی صورتحال پر بات کرنے کے ساتھ ساتھ غزہ کے حوالے سے ابھی موجود ڈیل پر بھی بات کی، جو بلیو لائن (اسرائیل اور لبنان کے درمیان حد بندی کی لکیر) کے پار تنازعات کو ختم کرنے کا موقع بھی فراہم کرتی ہے۔امریکی صدر جو بائیڈن نے گذشتہ ماہ ایک جنگ بندی کی تجویز کا خاکہ پیش کیا تھا جس کے بارے میں ہوچسٹین نے کہا کہ بالآخر غزہ میں تنازعے کا خاتمہ ہو جائے گا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=477429