غزہ میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والا غذائی بحران قابل مذمت ہے ، اقوام متحدہ

97

اقوام متحدہ ۔23اپریل (اے پی پی):اقوام متحدہ کے ادارہ برائے فلسطینی مہاجرین (انروا) نے کہا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والا غذائی بحران قابل مذمت ہے۔العربیہ کے مطابق یہ بات انروا کے کمشنر جنرل فلپ لازارینی نے ایکس پر جاری اپنے پیغام میں کہی۔

انہوں نے کہاکہ غزہ نا امیدی کا مرکز بن چکا ، یہاں پر غذائی قلت اسرائیل کی پیدا کردہ ہے۔تباہ کن جنگ اور اسرائیلی محاصرے کے 18 ماہ بعد( 2 مارچ سے امدادی سامان کی غزہ تک رسائی روک دی گئی ہے)اقوامِ متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ تقریباً 24 لاکھ آبادی پر مشتمل غزہ کو ایک تباہ کن انسانی بحران کا سامنا ہے ،یہاں کے عوام کو اجتماعی سزا دی جا رہی ہے۔

انہوں نے اس بات کی بھی نشان دہی کی کہ زخمیوں، مریضوں اور بزرگوں کو طبی سہولیات و علاج سے محروم رکھا جا رہا ہے۔انہو ں نے انسانی امداد کو بطور سودے بازی اور جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کرنےکی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ انسانی بنیاد پر امداد فوری بحال ، قیدیوں کو رہا اور جنگ بندی کا دوبارہ اعلان کیا جائے۔