اقوام متحدہ ۔24اپریل (اے پی پی):اقوام متحدہ کی فلسطینی پناہ گزین ایجنسی نے خبردار کیا ہے کہ غزہ میں بے گھر خاندانوں کو صحت عامہ کے بڑھتے ہوئے بحران کا سامنا ہے۔ فلسطینی پناہ گزین ایجنسی (یواین آر ڈبلیواے ) سینئر ایمرجنسی آفیسر لوئیس واٹریج نے یو این نیوز سے بات کرتے ہو ئے کہا کہ غزہ میں بڑے پیمانے پر کچرا، سیوریج اور بیماریاں بے گھر فلسطینیوں پر حاوی ہورہی ہیں اور بے گھر خاندانوں کو صحت عامہ کے بڑھتے ہوئے بحران کا سامنا ہے کیونکہ امداد بدستور بند ہے اور طبی سامان کم ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہاکہ المواسی کے عارضی ساحلی کیمپوں میں، خاندانوں کے پاس غیر محفوظ حالات میں رہنے کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے۔ انہوں نےبڑھتی ہوئی سنگین صورتحال کو بیان کرتے ہوئے کہاکہ غزہ میں جاری اس جنگ کے وجہ سے غذائی قلت کا شکار بچے اور خاندان لگام گرمی، غیر صحت بخش حالات، صاف پانی کی کمی، اور صحت کی دیکھ بھال تک محدود رسائی کا سامنا کر رہے ہیں جوان کو موت کی جانب لیتی جارہی ہے ۔
انہوں نے مزید کہاکہ جیسے جیسے گرمی بڑھتی جارہی ہے اسی طرح بیماریوں میں اضافہ ہورہاہے اور انروا کو طبی وسائل میں کمی کا سامنا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا ہے کہ ان کے پاس کیڑے مار ادویات کے تقریباً 10 دن کے لئے باقی ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=587031