غزہ میں جنگ مستقبل قریب میں ختم نہیں ہوگی، امریکی انٹیلی جنس

102
US Federal Bureau of Investigation
US Federal Bureau of Investigation

واشنگٹن ۔13مارچ (اے پی پی):امریکی فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن نےاپنی رپورٹ میں کہا کہ غزہ میں جاری اسرائیل کی جنگ مستقبل قریب میں ختم نہیں ہوگی۔العربیہ اردو کی رپوٹ کے مطابق اسرائیلی اخبارمعاریفنےانکشاف کیا کہ امریکی انٹیلی جنس کمیونٹی کی جامع سالانہ رپورٹ میں ایف بی آئی کے ماہرین کی طرف سے تیار کردہ اسرائیل سے متعلق سیکشن نے اندازہ لگایا ہے کہ غزہ کی پٹی میں جنگ مستقبل قریب میں ختم ہونے کا کوئی امکان نہیں ۔

رپورٹ کے مصنفین کا خیال تھا کہ غزہ میں جنگ جاری رہنے کی صورت میں آئندہ سالوں میں اسرائیل بھی اپنے خلاف ممکنہ کارروائیوں کے خطر ات سے دوچار رہے گا جو وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کی حکومت کے لئے بھی خطرات پید اکر سکتے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہےکہ اسرائیل کے لئے غزہ میں اپنے اہداف مکمل طور پر حاصل کرنا ممکن نہیں ہو گا بلکہ اسرائیلی فوج اس مقصد کو حاصل کرنے کے قریب بھی نہیں پہنچ سکی ۔

رپورٹ میں اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہواور ان کے دائیں بازو کے شراکت داروں کی حکومت پر اسرائیلی شہریوں کے اعتماد پر بات کی گئی اور اندازہ لگایا گیا ہے کہ اسرائیلی عوام کا موجودہ حکومت پر اعتماد کم ہو رہا ہے۔ نیتن یاہو اور ان کی حکومت میں اعتماد کے فقدان کا بحران بڑھتا جا رہا ہے۔انہوں نے اسرائیل کو درپیش خطرات کا جائزہ لیتے ہوئے یہ نتیجہ اخذ کیا کہ نیتن یاہو کی بطور اسرائیلی وزیر اعظم اپنے عہدے پر رہنے اور حکمران اتحاد کی بقا بھی خطرے میں ہے۔