غزہ میں ہنگامی بنیادوں پر ایندھن،طبی سامان اور خوراک پہنچا نے کے لیے رسائی یقینی بنائی جانی چاہیے، اقوام متحدہ

107
غزہ میں ہنگامی بنیادوں پر ایندھن،طبی سامان اور خوراک پہنچا نے کے لیے رسائی یقینی بنائی جانی چاہیے، اقوام متحدہ

اقوام متحدہ ۔12اکتوبر (اے پی پی):اقوام متحدہ کےسیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نے غزہ کی پٹی میں طبی سازوسامان، خوراک، ایندھن اور دیگر امداد پہنچانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ امدادی کارکنوں کی علاقے میں رسائی یقینی بنائی جانی چاہیے۔ ترک خبر رساں ادارے کے مطابق انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ غزہ میں امداد کی فراہمی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

انہوں نے تنازعے کے تمام فریقین سے کہا کہ وہ غزہ کی پٹی میں بے یارومددگار فلسطینیوں کو ہنگامی امداد فراہم کرنے کے لیے اقوام متحدہ سے تعاون کریں۔ انہوں نے عالمی برادری سے اس کوشش کے لیے فوری طور پر امداد جمع کرنے کی اپیل بھی کی ۔

انتونیو گوتریش نے کہا کہ وہ خود اور مشرق وسطیٰ امن عمل کے لیے اقوام متحدہ کے رابطہ کار اور خطے کے رہنماؤں سے رابطے میں ہیں تاکہ کشیدگی کو خطے میں وسیع پیمانے پر پھیلنے سے روکا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ انہیں فلسطینیوں کی جائز شکایات اور اسرائیل کے اپنی سلامتی کے حوالے سے خدشات کا احساس ہے تاہم فریقین شہریوں کا تحفظ یقینی بنائیں اور خونریزی، نفرت اور تقسیم کا خاتمہ کریں۔

انہوں نے اسرائیل کی جانب سے غزہ پر فضائی بمباری میں خواتین اور بچوں سمیت 1200 سے زیادہ فلسطینیوں کی اموات اور5ہزار سے زیادہ کے زخمی ہونے کی اطلاعات پر تشویش کا اظہار کیا۔ سیکرٹری جنرل نے تنازعے کے فریقین سے ایسے اقدامات سے باز رہنے کو کہا جہاں سے واپسی نہ ہو سکے اور جن سے انتہاپسند مضبوط ہوں اور پائیدار امن کے حصول کے امکانات ختم ہونے کا اندیشہ ہو۔