غزہ کی تعمیرِنو کا منصوبہ تیار ،4 مارچ کو عرب لیگ کے ہنگامی اجلاس میں پیش کیا جائے گا ،مصری وزیر خارجہ

104

قاہرہ۔3مارچ (اے پی پی):مصر نے کہا ہے کہ غزہ کی تعمیرِنو کا مصری منصوبہ تیار ہے جو فلسطینیوں کے ان کے وطن ہی میں قیام کو یقینی بنائے گا اور یہ منصوبہ 4 مارچ کو عرب لیگ کے ہنگامی اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔یہ بات مصر کے وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی نے گزشتہ روز ثالثی کے لئے یورپی یونین کمشنر دبراوکا سویسا کے ساتھ پریس کانفرنس کے دوران کہی۔

انہوں نے کہا ہے کہ غزہ کی تعمیرِنو کا مصری منصوبہ تیار ہے جو فلسطینیوں کے ان کے وطن ہی میں قیام کو یقینی بنائے گا۔ مصری وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ غزہ کی تعمیرنو کا یہ منصوبہ 4 مارچ کو عرب لیگ کے ہنگامی اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ غزہ کی تعمیر نو کا منصوبہ صرف مصر یا عرب دنیا کا نہیں بلکہ کامیاب نفاذ کے لئے اسے عالمی حمایت اور فنڈنگ بھی ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ جب یہ منصوبہ عرب لیگ کے اجلاس میں منظور کر لیا جائے گا تو ہم بڑے ڈونر ممالک سے فنڈنگ کے حصول کے لئے بات چیت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تعمیر نو کے معاشی پہلو کے حوالے سے یورپ کا کردار بہت زیادہ اہمیت کا حامل ہو گا۔غزہ میں جنگ بندی کے دوسرے مرحلے سے متعلق ایک سوال کے جواب میں مصری وزیر خارجہ نے کہا کہ مصر غزہ میں جنگ بندی کو برقرار رکھنے کے لئے اپنی کوششوں کو تیز کرے گا۔

جنگ بندی کا پہلا مرحلہ کامیابی سے اختتام پذیر ہوا، اب ہمیں لازمی طور پر بات چیت کا رخ دوسرے مرحلے کی جانب موڑنا چاہیے جو کہ دیرپا جنگ بندی کے لئے بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ ظاہر ہے، یہ مشکل ہو گا لیکن خیرسگالی اور سیاسی عزم کے ساتھ یہ ہدف بھی حاصل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عرب لیگ کے اس ہنگامی اجلاس کے بعد سعودی عرب میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے تحت وزرائے خارجہ کا ہنگامی اجلاس ہو گا جہاں مندوبین عرب لیگ کے نتائج کو عالمی سطح پر پیش کرنے کے لئے زور دیں گے۔

ہم یقینی بنائیں گے کہ عرب لیگ اجلاس کے نتائج کو ممکنہ حد تک بہترین انداز میں دنیا کے سامنے پیش کیا جائے۔واضح رہے کہ عرب ممالک نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے غزہ کا کنٹرول سنبھالنے اور فلسطینیوں کو دوسرے مقام پر منتقل کرنے کے آئیڈیا کو مسترد کر دیا تھا اور اس خیال کی سفارتی محاذ پر مخالفت پر اتفاق کیا تھا۔