پیرس۔16اپریل (اے پی پی):فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں نے اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو پر واضح کیا ہے کہ غزہ کےمکینوں کی تکالیف کا خاتمہ ہونا چاہیے اور یہ کہ غزہ میں جنگ بندی ہی باقی اسرائیلی یرغمالیوں کو آزاد کرا سکتی ہے۔ جرمن نشریاتی ادارے ڈی ڈبلیو کے مطابق فرانسیسی صدر نے گزروز اسرائیلی وزیر اعظم کے ساتھ ٹیلی فون پر بات چیت کے بعد ایکس پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ غزہ کی شہری آبادی جس آزمائش سے گزر رہی ہے، اسے ختم ہونا چاہیے۔
انہوں نے محصور غزہ میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امدادی راستے کھولنے کا مطالبہ بھی کیا۔ فرانسیسی صدر کا یہ بیان ایک ایسے موقع پر سامنے آیا ہے، جب اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ غزہ کا بحران قابو سے باہر ہوتا جا رہا ہے اور یہ کہ کئی ہفتوں سے غزہ میں کوئی امداد نہیں پہنچی۔ فرانسیسی صدر نے کہا کہ انہوں نے اسرائیلی وزیر اعظم سے کہا کہ تمام یرغمالیوں کی رہائی اب بھی فرانس کے لئے ایک مکمل ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ جنگ بندی، تمام یرغمالیوں کی رہائی، انسانی بنیادوں پر امداد اور پھر آخر کار سیاسی سطح پر دو ریاستی حل کے امکانات کے دوبارہ کھولے جانے کی امید رکھتے ہیں۔ واضح رہے کہ فرانسیسی صدر نے گزشتہ ہفتے کہا کہ ان کا ملک جون میں نیو یارک میں اقوام متحدہ کی کانفرنس کے دوران فلسطینی ریاست کو تسلیم کر سکتا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=582628