ریاض۔9اکتوبر (اے پی پی):سعودی عرب نے کہا ہے کہ ان کا ملک غیر مسلح فلسطینیوں کو کسی بھی طرح سے نشانہ بنانے کی کارروائیوں کو مسترد کرتا ہے۔ سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے امریکا، مصر، قطر، اردن کے ہم منصبوں اور یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ سے ٹیلی فون پر فلسطین سے متعلق صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے اسرائیل اور فلسطین کے درمیان کشیدگی میں اضافے کو روکنے اور تمام فریقین کو بین الاقوامی انسانی قوانین کا احترام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے صورتحال کو پرسکون کرنے اور مزید تشدد سے بچنے کے لیے مربوط کوششوں کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ ٹیلی فونک رابطے میں غزہ اور اس کے گرد ونواح کی تازہ ترین صورتحال اور وہاں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو فوری طور پر روکنے کے لیے اقدامات کی ضرورت پر بات چیت کی گئی۔مصری وزیر خارجہ سامح شکری اور اردن کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ ڈاکٹر ایمن الصفدی سے رابطے کے دوران غزہ اور اس کے گرد ونواح کی صورتحال میں تازہ ترین پیش رفت اور کشیدگی روکنے کے لیے مشترکہ اقدامات تیز کرنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
قطری وزیر اعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمٰن بن جاسم آل ثانی سے ٹیلی فون پر رابطے میں غزہ کی صورتحال اور کشیدگی روکنے کے طریقوں پر بات چیت کی گئی۔علاوہ ازیں امریکی محکہ خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے فلسطینی صدر محمود عباس سے ٹیلی فونک رابطے میں فلسطینی اتھارٹی پر مغربی کنارے میں امن و استحکام بحال کرنے پر زور دیا۔