غیر وابستہ تحریک کے سربراہی سطح کے رابطہ گروپ کا اجلاس ، تحریک کے چیئرمین الہام علیوف کی کووڈ-19 کے باعث دنیا پر پڑنے والے منفی اثرات کے تدارک اور بحالی کیلئے اقوام متحدہ کے اعلیٰ سطحی پینل کے قیام کی تجویز

97
غیر وابستہ تحریک کے سربراہی سطح کے رابطہ گروپ کا اجلاس ، تحریک کے چیئرمین الہام علیوف کی کووڈ-19 کے باعث دنیا پر پڑنے والے منفی اثرات کے تدارک اور بحالی کیلئے اقوام متحدہ کے اعلیٰ سطحی پینل کے قیام کی تجویز

باکو۔2مارچ (اے پی پی):غیر وابستہ تحریک کے چیئرمین اور آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے کووڈ-19 کے باعث دنیا پر پڑنے والے منفی اثرات کے تدارک اور بحالی کے لئے اقوام متحدہ کے اعلیٰ سطحی پینل کے قیام کی تجویز پیش کی ہے تاکہ بین الاقوامی سطح پر اقدامات کے بارے میں تفصیلی سفارشات پیش کی جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں غیر وابستہ تحریک کے سربراہی سطح کے رابطہ گروپ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آذربائیجان ضرورت مند غیر وابستہ تحریک کے افریقہ سمیت مختلف ممالک کو مالی اور انسانی امداد فراہم کرتا رہے گا۔ سربراہی اجلاس میں کئی سربراہان مملکت اور غیر وابستہ تحریک کے تقریباً 70 ممالک کی اعلیٰ قیادت اور حکومت کے ارکان نے شرکت کی۔

آذربائیجان کے صدر نے یہ اعلان بھی کیا کہ آذربائیجان پہلے ڈونر کے طور پر ایک ملین ڈالر مختص کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وبا ءکے آغاز کے فوراً بعد غیر وابستہ تحریک نے کووڈ -19 کا مقابلہ کرنے کے لئے عالمی کوششوں کو متحرک کرنے کے لیے پہل کی۔ انہوں نے کہا کہ آذربائیجان نے 80 سے زائد ممالک کو کورونا وائرس سے متعلق مالی اور انسانی امداد فراہم کی۔ انہوں نے کہا کہ وبائی بیماری نے 2030 کے پائیدار ترقیاتی اہداف کے نفاذ پر منفی اثر ڈالا۔ آذربائیجان کے صدر نے کہا کہ ان اہداف کے حصول اور 2030 کے ایجنڈے کو پورا کرنے کے لیے عالمی کوششوں کو مزید تقویت دی جانی چاہیے۔

صدر نے کہا کہ بین الاقوامی کوششوں کا مقصد انصاف اور بین الاقوامی قانون کا دفاع کرنا ہے۔ انہوں نے خودمختاری، قومی ملکیت، مساوات اور باہمی فائدے کے احترام کے اصولوں کے تحت جنوب جنوب تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔ غیر وابستہ تحریک کے چیئرمین نے کہا کہ آذربائیجان غیر وابستہ تحریک کی ادارہ جاتی ترقی کی بھرپور حمایت کرتا ہے، انہوں نے شرکاء کو بتایا کہ آذربائیجان نے غیر وابستہ تحریک کے پارلیمانی نیٹ ورک اور تحریک کی یوتھ آرگنائزیشن کے قیام کا آغاز کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد ادارہ جاتی استحکام پیدا کرنا اور ان ممبران کے لیے ایک کامیاب میراث چھوڑنا ہے جو آذربائیجان کے بعد چیئرمین شپ سنبھالیں گے۔

انہوں نے کہا کہ 120 ارکان کے ساتھ غیر وابستہ تحریک اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے بعد دوسرا بڑا بین الاقوامی ادارہ ہے۔ صدر علیوف نے کہا کہ بین الاقوامی سلامتی کا ڈھانچہ جو گزشتہ کئی دہائیوں سے موجود ہے، اس وقت ڈرامائی تبدیلیوں کا سامنا کر رہا ہے، اور کثیرالجہتی عمل داؤ پر لگا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی قانون کے اصولوں کو نظر انداز کرنے سے بین الاقوامی نظام کو مزید خطرہ لاحق ہے۔ انہوں نے کہا کہ خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی اور ریاستوں کے اندرونی معاملات میں مداخلت کے زیادہ واقعات دیکھنے میں آتے ہیں، اہم بین الاقوامی تنظیموں کے فیصلوں پر یا تو عمل نہیں کیا جاتا یا پھر سلیکٹیو اپروچ اور دوہرا معیار لاگو کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے بعد دوسرے سب سے بڑے بین الاقوامی ادارے کے طور پر غیر وابستہ تحریک کو بین الاقوامی میدان میں زیادہ واضح اور موثر کردار ادا کرنا چاہیے اور نئے عالمی نظام کی تشکیل نو میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد پر بھی زور دیا اور تجویز پیش کی کہ سلامتی کونسل کی تشکیل کو مزید نمائندہ اور جغرافیائی طور پر زیادہ منصفانہ بنانے کے لیے بڑھایا جائے، سلامتی کونسل کی بعض قراردادوں پر چند دنوں میں عمل درآمد کیا گیا ہے تاہم آذربائیجان کے معاملے میں آرمینیا ءنے سلامتی کونسل کی چار قراردادوں کو نظر انداز کیا جس میں تقریباً 30 سالوں سے آذربائیجان کے علاقوں سے اپنی مسلح افواج کے فوری اور غیر مشروط انخلاء کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ 2020 میں آذربائیجان نے خود فوجی سیاسی طریقوں سے اپنی علاقائی سالمیت اور تاریخی انصاف کو بحال کیا اور سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کو نافذ کیا۔ صدر علیوف نے کہا کہ شاید یہ اقوام متحدہ کے قیام کے بعد دنیا کا پہلا کیس تھا۔ انہوں نے کہا کہ آذربائیجان نے اپنے مالی وسائل سے آزاد کرائے گئے علاقوں میں بڑے پیمانے پر تعمیر نو کا کام کیا، آذربائیجان کی حکومت نے 2021-2022 میں تعمیر نو کے کام کے لیے تقریباً 4 بلین ڈالر خرچ کیے ہیں، اس سال ہم اس مقصد کے لیے کم از کم 1.7 بلین ڈالر مختص کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غیروابستہ تحریک کو ایک مستقل نشست دی جانی چاہیے اور تحریک کے سربراہ کے عہدے پر فائز ملک کو یہ نشست باری باری ملنی چاہیے۔ انہوں نے یہ تجویز پیش کرتے ہوئے تحریک کے رکن ممالک سے اس معاملے پر مشاورت شروع کرنے کا مطالبہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم سلامتی کونسل میں افریقہ کے لیے مستقل نشستیں مختص کرنے کی بھی حمایت کرتے ہیں۔ صدر الہام علیوف نے آذربائیجان کے موقف کی حمایت کرنے اور 2020 اور 2022 میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں یکطرفہ اور متعصب آذربائیجان مخالف بیانات کو منظور نہ ہونے دینے پر غیر وابستہ تحریک کے ممالک کی تعریف کی۔ اپنے خطاب میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77 ویں اجلاس کے صدر کسابا کروسی نے کہا کہ کورونا کے وبائی مرض نے دنیا کو سکھایا کہ کوئی بھی اس وقت تک محفوظ نہیں جب تک سب محفوظ نہ ہوں۔کیونکہ ہماری سرحدوں کو بند کرنا اور انفرادی اقدامات کرنا کافی نہیں ہیں، اس وبائی مرض سے نکلنے کا واحد راستہ نہ صرف سرحدوں کے اندر بلکہ ان کے باہر بھی یکجہتی ہے۔