27.7 C
Islamabad
منگل, اپریل 22, 2025
ہومضلعی خبریںغیرت کے نام پر قتل کے مقدمے میں تمام ملزمان کی اپیلیں...

غیرت کے نام پر قتل کے مقدمے میں تمام ملزمان کی اپیلیں منظور، رہا کرنے کا حکم دے دیا گیا

- Advertisement -

لاہور۔8مارچ (اے پی پی):لاہور ہائیکورٹ نے غیرت کے نام پر قتل کے مقدمے میں عمر قید اور سات ‘سات سال کی سزا پانے والے تمام ملزمان کی اپیلیں منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے قانونی نکتہ طے کر دیا کہ پراسیکیوشن کے کیس میں ایک چھوٹا سا بھی شک ملزمان کی بریت کے لئے کافی ہوتا ہے۔عدالت نے مدعی کی جانب سے ملزمان کی سزا بڑھانے کی درخواست مسترد کر دی۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے ملزم علی اکبر اور اس کے ساتھیوں کو بری کر دیا۔

- Advertisement -

عدالت نے علی اکبر سمیت دیگر کی اپیلوں پر 22صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا ہے۔ ملزم علی اکبر، حافظ ارشد سمیت دیگر پر شہری محمد علی کو خنجر کے وار سے قتل کرنے کا مقدمہ درج تھا،2020میں پاکپتن میں قتل کا مقدمہ درج کیا گیا تھا جس میں 2023میں ٹرائل کورٹ نے علی اکبر کو عمر قید اور ساتھیوں کو سات ‘سات برس قید کی سزا سنائی تھی۔

پراسیکیوشن کے مطابق ملزمان نے بیٹی سے ناجائز تعلقات کے شبہ میں مدعی کے بیٹے کو قتل کیا تھا۔مدعی نے واقعہ کے ڈیڑھ برس بعد تفتیش سے غیر مطمئن ہو کر استغاثہ دائر کیا۔عدالت نے قرار دیا کہ پرسیکیوشن کے گواہوں کے بیانات میں بے شمار تضادات موجود ہیں۔

عدالت نے نشاندہی کی کہ جرح کے دوران تفتیشی افسر نے تسلیم کیا کہ مقتول کی دکان بازار میں ہے لیکن کسی دکاندار نے وقوعہ سے متعلق بیان ریکارڈ نہیں کرایا۔ عدالت نے کہا کہ مدعی نے پہلی بار غیرت کے نام پر قتل کا ذکر استغاثہ میں کیا جبکہ ایف آئی آر میں قتل کی وجہ لکڑی چوری بتائی گئی تھی۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=570278

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں