راولپنڈی۔26اگست (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف سیلاب متاثرین کی بحالی اورامداد کے لئے دن رات محنت کر رہے ہیں،ملک میں دس ارب ڈالرکی سرمایہ کاری سے معیشت مضبوط ہوگی،پاکستان میں معاشی صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے وزیراعظم شہباز شریف کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ان کے ہمراہ راولپنڈی کے تاجر رہنما و صنعتکار شاہد غفور پراچہ،شرجیل میر،ارشد اعوان سمیت پی ایم ایل این کے مقامی کارکنان بھی موجود تھے۔حنیف عباسی نے کہا کہ پاکستان میں دس ستمبر سے پہلے دس ارب ڈالر کی رقم آ رہی ہے اور اس سرمایہ کاری میں یو اے ای،سعودی عرب،چین اور دیگر ممالک سمیت ایشیائی ترقیاتی بنک،ورلڈبنک اورآئی ایم ایف بھی شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف شب وروز محنت کر کے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر رہے ہیں۔
انہوں نے وزارت خزانہ کے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ جو تاجر و صنعتکار پہلے سے ٹیکس ادا کر رہا ہے اس پر مزید ٹیکس عائد نہ کیا جائے،انہوں نے کہا کہ صنعتکاروں کے بجلی کے بلوں میں ٹیکسز پر نظرثانی کی ضرورت ہے تاکہ صنعتکار اپنی صنعتیں چلا سکیں اور ملک کے اندر مزید سرمایہ کاری کرسکیں۔