لاہور۔30جنوری (اے پی پی):صوبائی وزیر اوقاف چوہدری شافع حسین نے داتا دربار حاضری دی اور حضرت داتا گنج بخش علی ہجویری رحم اللہ علیہ کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔صوبائی وزیراوقاف نے داتا دربار توسیع منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے منصوبے بارے بریفنگ دی۔صوبائی وزیر اوقاف نے جامع مسجد داتا دربار میں جامعہ ہجویریہ کی تقریب تقسیم انعامات میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔چوہدری شافع حسین نے اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ میرے لئے اس پروقار تقریب میں شرکت باعث اعزاز اور فخر کی بات ہے۔انہوں نے جامعہ ہجویریہ سے فارغ التحصیل طلبا کو مبارکباددی اور کہاکہ آپ نے اسلام کے پیغام کو پھیلانے میں اپنا کردار ادا کرنا ہے۔
فارغ التحصیل طلبا معاشرے میں رواداری،اخوت اور اتحاد کو فروغ دینے میں آگے بڑھیں۔انہوں نے کہاکہ اوقاف کے زیر اہتمام دینی مدارس کی تزئین و آرائش کیلئے فنڈز جاری کر دئیے ہیں۔خاتم النبیین یونیورسٹی کو فعال بنانے کا عمل شروع کردیا ہے۔دینی مدارس کے طلبا کو یونیورسٹی میں ایم فل اور پی ایچ ڈی کی سہولت دیں گے۔صوبائی وزیراوقاف نے کہاکہ قرآن اکیڈمی کی شاندار عمارت سے فائدہ نہ اٹھانا افسوس ناک امر ہے،اس شاندار عمارت کو دینی تعلیمات کی ترویج کیلئے استعمال کیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ فلسطین میں 40ہزار سے مسلمانوں کو شہید کیا گیا ہے۔
صرف مذمتی بیانات سے مظالم روکے نہیں جاسکتے،مسلمانوں پر مظالم رکوانے کے لئے امت مسلمہ کو متحد ہونا ہوگا،بطور قوم محنت کرکے ہم بھی ترقی کی منزل پاسکتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اوقاف کی وزارت کی جو ذمہ داری دی گئی ہے اسے اللہ تعالی کی توفیق سے نبھاں گا۔سیکرٹری اوقاف نے کہاکہ دینی درسگاہوں سے فارغ التحصیل طلبا ایسی علمی روایات کے امین ہیں جن سے معاشرے میں امن،برداشت اور بھائی چارے کو فروغ ملتا ہے۔
صوبائی سیکرٹری اوقاف نے صوبائی وزیراوقاف کو جامعہ ہجویریہ میں تدریسی سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہاکہ آج جامعہ ہجویریہ کے 122 طلبا کی دستار بندی کی گئی ہے۔دستاربندی کا مطلب ہے کہ طلبا نے دینی تعلیم کے حصول کے مراحل طے کرلئے ہیں،اب طلبا کو مل کر ملک وقوم کی ترقی کیلئے کام کرنا ہے۔صوبائی وزیر اوقاف اور سیکرٹری اوقاف نے پوزیشن ہولڈرز طلبا میں اسناد اور نقد انعامات تقسیم کئے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=553951