فخر زمان کی سنچری ناکافی ثابت، انگلینڈ نے پاکستان کو دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں دلچسپ مقابلے کے بعد 12 رنز سے ہرا دیا

161

ساﺅتھمٹن ۔ 11 مئی (اے پی پی) انگلینڈ نے پاکستان کو دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 12 رنز سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی، پاکستانی ٹیم 373 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 361 رنز بنا سکی، فخر زمان کی 138 رنز کی دلکش اننگز، بابر اور آصف کی نصف سنچریاں بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکیں، جوز بٹلر نے 110 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ ہفتہ کو ساﺅتھمٹن میں کھیلے گئے دوسرے ایک روزہ میچ میں پاکستانی قائد سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے باﺅلنگ کا فیصلہ کیا تو میزبان ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 373 رنز بنائے، جیسن روئے اور جونی بیئرسٹو نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو 115 رنز کا پر اعتماد آغاز فراہم کیا یہاں پر شاہین شاہ آفریدی نے بیئرسٹو کو آﺅٹ کر کے ٹیم کو پہلی کامیابی دلائی، انہوں نے 51 رنز بنائے، اس کے بعد جوروٹ نے روئے کا ساتھ دیا، 177 کے سکور پر حسن علی نے روئے کو آﺅٹ کر کے ٹیم کو بڑی کامیابی دلائی، انہوں نے 87 رنز بنائے، جوروٹ 40 رنز بنا کر یاسر کی گیند پر کیچ آﺅٹ ہوئے، اس کے بعد کپتان مورگن اور جوز بٹلر گرین شرٹس کے باﺅلرز کے سامنے ڈٹ گئے، دونوں بلے بازوں نے چوتھی وکٹ میں 162 ناقابل شکست رنز جوڑ کر ٹیم کے مجموعے کو مستحکم بنا دیا، اسی دوران بٹلر نے اپنی سنچری مکمل کی، وہ 110 رنز بنا کر نمایاں رہے، مورگن 71 رنز بنا کر ناٹ آﺅٹ رہے، شاہین شاہ، حسن علی اور یاسر شاہ نے ایک، ایک وکٹ لی۔ جواب میں پاکستانی ٹیم ہدف کے تعاقب میں مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 361 رنز بنا سکی، فخر زمان اور امام الحق نے ٹیم کو 92 رنز کا آغاز فراہم کیا، امام الحق 35 رنز بنانے کے بعد فخر کا ساتھ چھوڑ گئے، اس کے بعد بابر اعظم نے فخر کا ساتھ دیا، دونوں بلے بازوں نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے دوسری وکٹ میں 135 رنز جوڑ کر سکور 227 تک پہنچا دیا، یہاں پر کرس ووکس نے فخر زمان جو کہ اچھی بیٹنگ کر رہے تھے کو آﺅٹ کر کے ٹیم کو بڑی کامیابی دلائی، انہوں نے 138 رنز کی اننگز کھیلی، اگلے اوور میں عادل رشید نے بابر اعظم کو آﺅٹ کر دیا، انہوں نے 51 رنز بنائے، حارث سہیل 14 رنز بنا کر چلتے بنے، اس کے بعد آصف علی نے کپتان سرفراز احمد کے ساتھ مل کر سکور323 تک پہنچا دیا، اس موقع پر ڈیوڈ ویلے نے آص علی کو آﺅٹ کر کے میچ کا پانسہ پلٹ دیا، انہوں نے 4 چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 51 رنز کی اننگز کھیلی، عماد وسیم 8 رنز بنا سکے، فہیم اشرف بیٹنگ کا جادو چلانے میں ناکام رہے اور صرف 3 رنز بنا سکے، سرفراز احمد 41 اور حسن علی 4 رنز بنا کر ناٹ آﺅٹ رہے، ڈیوڈ ویلے اور لیام پلنکٹ نے دو، دو کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔