پیرس ۔22مئی (اے پی پی):فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون اور سعودی عرب کے پبلک انویسٹمنٹ فنڈ (پی آئی ایف ) کے گورنر یاسر الرمیان نے آج پیرس میں فنڈ سے منسلک ایک کمپنی کے نئے دفتر کا افتتاح کیا۔العربیہ کے مطابق فنڈ نےفرانسیسی دارالحکومت پیرس میں اپنی ایک ذیلی کمپنی کے نئے دفتر کے افتتاح کا اعلان کیا تھا جس میں بتایا گیا تھا کہ دفتر کا باضابطہ افتتاح میکرون اور الرمیان کی موجودگی میں ہوگا۔ ساتھ ہی کئی سینئر حکام اور کاروباری شخصیات بھی موجود ہوں گی۔
یہ افتتاح پیرس میں سالانہ "چوز فرانس ” سمٹ کانفرنس کے آغاز کے ساتھ ہی ہوگا۔سعودی پبلک انویسٹمنٹ فنڈ نے ایک بیان میں کہا کہ یورپ میں نئے دفتر کا مقصد اپنی عالمی موجودگی کو وسعت دینا اور ایک ترجیحی بین الاقوامی مارکیٹ میں اپنے تعلقات کو گہرا کرنا ہے۔ یہ اقدام شراکت داروں، کمپنیوں اور سرکردہ سرمایہ کاری اداروں کے ساتھ قریبی تعاون کے نقطہ نظر کی بھی عکاسی کر رہا ہے۔
فنڈ دنیا بھر کے بہت سے اختراعی اور تبدیلی لانے والے شعبوں، کاروباروں اور بازاروں میں ایک فعال طویل مدتی سرمایہ کار ہے۔2017 سے 2024 کے دوران فنڈ نے یورپی معیشت میں 84.7 بلین ڈالر تک کی سرمایہ کاری کی ہے۔ اس سرمایہ کاری سے یورپی جی ڈی پی میں 52 بلین ڈالر کا اضافہ ہوا اور یورپ میں 245,000 سے زیادہ براہ راست اور بالواسطہ ملازمتیں پیدا ہوئیں۔
فرانسیسی مارکیٹ میں فنڈ کی 8.6 بلین ڈالر تک کی سرمایہ کاری شامل ہے جس سے فرانسیسی جی ڈی پی میں 4.8 بلین ڈالر کا اضافہ ہوا ہے اور فرانسیسی معیشت میں 29,000 سے زیادہ براہ راست اور بالواسطہ ملازمتیں پیدا ہوئی ہیں۔ فنڈ نے اس سے قبل نیویارک، لندن، ہانگ کانگ اور بیجنگ میں اپنی ذیلی کمپنیوں کے دفاتر کھولے ہیں۔ اس کے پورٹ فولیو میں تقریباً 220 کمپنیاں شامل ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=599985