تحریک انصاف کی حکومت نے کشمیریوں پر بھارتی ظلم و ستم کے حوالے سے مؤثر طریقے سے آواز بلند کی ہے، فرخ حبیب

50

اسلام آباد ۔ 17 ستمبر (اے پی پی) پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی پارلیمانی سیکرٹری برائے ریلوے فرخ حبیب نے کہا ہے کہ پاکستان کسی قیمت پر کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑ سکتا، تحریک انصاف کی حکومت نے کشمیریوں پر بھارتی ظلم و ستم کے حوالے سے پوری دنیا میں مؤثر طریقے سے آواز بلند کی ہے، عالمی برادری نے ہمارے مؤقف کی تائید کی ہے، مولانا فضل الرحمن کے اسلام آباد دھرنے کا مقصد کشمیریوں کی جدوجہد کو سب و تاژ کرنا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو پارلیمنٹ ہائوس میں ”اے پی پی” سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ فرخ حبیب نے کہا کہ حکومت نے ملکی معیشت کی بہتری کے لئے راست اقدامات اٹھائے ہیں۔ قومی اور خارجہ حوالے سے ٹھوس پالیسی اختیار کی گئی ہے جس کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم وستم سے متاثرہ کشمیریوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑ سکتا، مظفر آباد جلسہ میں وزیر اعظم عمران خان نے جن خیالات کا اظہار کیا ہے اس سے بھارت اور پوری دنیا کے لئے ایک واضح پیغام دیا گیا، دنیا بھر میں نریندر مودی کے مؤقف کا شکست ہورہی ہے، بھارتی فوج کے مظالم پوری دنیا کے لئے ناقابل برداشت ہو رہے ہیں۔ ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے کسی منصوبے میں فضل الرحمن یا ان کی پارٹی کی کنٹری بیوشن گزشتہ7 دہائیوں میں دیکھ لی جائے تو یہ واضح ہوجاتا ہے کہ وہ پاکستان سے زیادہ کسی اور کے لئے مخلص ہیں۔