فرنیچر کی برآمدات کو فروغ دینے کے لیے اس شعبے کو صنعت کا درجہ دیا جائے، میاں کاشف اشفاق

132
Mian Kashif Ashfaq

لاہور۔25فروری (اے پی پی):پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے مطالبہ کیا ہے کہ فرنیچر کی برآمدات کو فروغ دینے کے لیے اس شعبے کو صنعت کا درجہ دینے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔ اتوار کو یہاں بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فرنیچر کا شعبہ ہماری معیشت کا اہم جزو ہے جو لاکھوں لوگوں کو روزگار فراہم کرتا ہے اور ہماری تقافتی دستکاری اور مہارت کا مظہر ہے۔ تاہم اسے طویل عرصے سے نظر انداز کیا گیا ہے اور اسے اس کا جائز مقام نہیں دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ فرنیچر سیکٹر کو صنعت کا درجہ دینا کئی وجوہات کی بناپر اہم ہے۔ صنعت کا درجہ ملنے سے اسے صنعتوں کے لیے دی گئی مختلف مراعات، سبسڈیز اور معاون میکانزم تک رسائی میسر آئے گی اور فرنیچر سیکٹر میں ترقی اور جدت کو فروغ ملے گا۔ اس شعبے کی ساکھ میں اضافہ ہوگا اور ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کیا جا سکے گا ۔ اس شعبے کو فنانس اور کریڈٹ فیسیلٹی تک رسائی حاصل ہو گی جس سے فرنیچر مینو فیکچررز اپنی مشینری اور ٹیکنالوجی کو اپ گریڈ کر سکیں گے اور عالمی معیار کے فرنیچر کی پیداوار میں اضافہ ہو گا۔

میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ صنعت کا درجہ دینے سے عالمی منڈی میں مسابقت میں اضافہ ہو گا اور برآمدات کو تقویت ملے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ مناسب توجہ اور سپورٹ حاصل ہو تو پاکستانی فرنیچر دنیا بھر میں اپنی منفرد پہچان بنا سکتا ہے اور اس کی مانگ میں اضافہ ہو سکتا ہے جس سے ہماری برآمدی آمدنی اور معاشی خوشحالی میں اضافہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایسا نہ کیا گیا تو نہ صرف یہ اہم شعبہ ترقی سے محروم رہے گا بلکہ پاکستان عالمی منڈی میں سبقت حاصل کرنے اور برآمدی آمدنی سے بھی محروم ہو جائے گا۔