فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد سرکاری سکیم کے 4 ہزار سے زائد حاجی پاکستان پہنچ گئے

49

مکہ مکرمہ۔19جولائی (اے پی پی):فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد سرکاری سکیم کے 4 ہزار سے زائد حاجی پاکستان پہنچ گئے، حج فلائٹ آپریشن کے حوالے سے سوشل میڈیا پر بعض شکایات کے حوالے سے ڈائریکٹر حج مکہ ساجد منظور اسدی کا کہنا ہے کہ وہ لوگ مسائل کا شکار ہوئےہیں جنہوں نے اپنے مکتب اور سعودی حکومت کے میکنزم کو بائی پاس کیا ہے۔ مکہ مکرمہ کے مرکزی کنٹرول آفس میں قائم میڈیا سیل کے مطابق حج کے بعد اب تک 1750 سے زائد حاجیوں کو مدینہ منورہ پہنچا دیا گیا ہے ۔

مدینہ منورہ سے پاکستان کے لئے پہلی حج پرواز 25 جولائی کو روانہ ہوگی ۔ فلائٹ آپریشن کے حوالے سے سوشل میڈیا پر چلنے والی بعض وڈیوز کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں ڈائریکٹر حج مکہ ساجد منظور اسدی نے کہا کہ یہ بات درست ہے کہ بعض لوگوں کو دشواری کا سامنا کرنا پڑا ہے یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے اپنے ٹکٹ خود کرائے ہیں اور انہوں نے سعودی حکومت کی تعلیمات اور میکنزم کو بائی پاس کیا ہے ۔

ایک فیملی کی مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم سے انہوں نے صحت کا عزر بتا کر این او سی حاصل کیا اور وہ جدہ میں اپنے عزیزوں کے پاس چلے گئے اس دوران وہ ایئر پورٹ تاخیر سے پہنچے اور بر وقت اپنا پاسپورٹ حاصل نہ کر سکے اور ان کی پرواز رخصت ہوگئی ،ایسی کئی مثالیں موجود ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حج مشن کا اس میں کوئی عمل دخل نہیں ہے ، حاجیوں کو مروجہ طریقہ کار اور سعودی تعلیمات بائی پاس نہیں کرنا چاہئے ۔

جب ایک مرتبہ حاجی ہم سے این او سی لے لیتا ہے تو پھر مکتب کے ریڈار سے نکل جاتا ہے جس کے بعد ایسے مسائل پیدا ہوتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اب سعودی وزارت حج نے فیصلہ کیا ہے کہ جس حاجی کو بھی این او سی جاری کیا جائے گا مکتب اسے پاسپورٹ جاری نہیں کرے گا اور مکتب اسے اپنی ٹرانسپورٹ پر ایئر پورٹ پہنچائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ اپنے طور پر ٹکٹ کرا کر بھی وطن روانہ ہونا چاہتے ہیں ایسے لوگ بھی مسائل کا شکار ہوتے ہیں ۔