فلاحی تنظیمیں حکومتوں کے دست و بازو ہوتی ہیں، پیر سید لخت حسنین

93
فلاحی تنظیمیں حکومتوں کے دست و بازو ہوتی ہیں، پیر سید لخت حسنین

اسلام آباد۔24جون (اے پی پی):مسلم ہینڈزانٹرنیشنل کے بانی و چیئرمین پیر سید لخت حسنین نے کہاہے کہ قومی اور بین الاقوامی فلاحی تنظیموں کا کردار یہ ہوتا ہے کہ وہ حکومتوں کے ساتھ مل کران کے ترقی کے مقاصد کے حصول میں ان کے دست و بازو بنیں۔

ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں منعقدہ ”میٹ دی پریس” پروگرام میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران کی۔انہوں نے کہا کہ مسلم ہینڈز نے پچھلے سال کورونا وبا کے آغاز سے لے کراب تک حکومت کے شانہ بشانہ کام کیا ہے، اس سلسلے میں بڑے پیمانے پر آگاہی پھیلانے میں میں حکومت کی مدد کرنے کے ساتھ ساتھ اس وبا کے باعث بیروزگار ہونے والے ہزاروں افراد کے لیے ”کوئی بھوکا نہ سوئے” کے عنوان کے تحت اوپن کچن کا اہتمام کیا گیا تاکہ اس وبا کا شکار ہونے والے افراد کو خوراک کی کمی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اس کے علاوہ اسی عرصے میں مسلم ہینڈز نے مختلف پروگراموں کے ذریعے دو ملین لوگوں کو فائدہ پہنچایا۔

ماحولیاتی تبدیلیوں پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ دنیا اس وقت ماحولیاتی تبدیلوں کا بڑی تیزی سے شکار ہورہی ہے اور ہمارا ملک ان چند ممالک میں شامل ہے جو سب سے زیادہ اس کا شکار ہے۔ غیرسرکاری اداروں کو چاہیے کہ وہ ماحولیات پر کام کرتے ہوئے حکومت کو مدد فراہم کریں۔

اس سلسلے میں گزشتہ چند سالوں میں حکومت پاکستان نے قابل رشک کام کیا ہے جس کی عالمی سطح پر کافی پزیرائی ہوئی ہے۔ حال ہی میں اقوام متحدہ نے گورنمنٹ آف پاکستان کو ماحولیات پر منعقدہ عالمی کانفرنس کی سربراہی سونپی جو ہمارے لیے اعزاز ہے اور ہم اس پر حکومت کو مبارکباد دیتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ مسلم ہینڈز نے ماحول کو بہتر بنانے میں شجرکاری، صفائی ستھرائی اور ماحولیاتی تحفظ میں اپنا حصہ ڈالا ہے، امید ہے مزید ادارے آگے آئیں گے اور اس کام کو آگے بڑھانے میں ایک دوسرے کے معاون و مددگار ہوں گے۔ تعلیم پر بات کرتے ہوئے مسلم ہینڈز کے چیئرمین کا یہ کہنا تھا کہ اب دنیا ”سکل اورینٹڈ ایجوکیشن” کی طرف گامزن ہے، ایسی تعلیم جس کے حصول کے بعد طلباء روزگار کے لئے خود پرانحصار کریں اورانٹرپرینیورشپ کی طرف راغب ہوں۔

انہوں نے کہاکہ موجودہ حالات میں کورونا وبا کے باعث اس کی ضرورت اور بڑھ جاتی ہے کیونکہ بہت سارے کاروبار اس وبا کی وجہ سے بند ہوئے اور لاکھوں لوگوں کو دنیا بھر میں بے روزگار ہونا پڑا، اگر بچوں کو موجودہ حالات کی ڈیمانڈ کے مطابق کورسز کروائے جائیں تو بیروزگاری اور غربت میں کافی حد تک کمی لائی جاسکتی ہے۔ مسلم ہینڈز کے چیئرمین سید لخت حسنین نے کہا کہ صاف پانی کی فراہمی سے بہت ساری بیماریوں سے چھٹکارا پایا جا سکتا ہے۔ مسلم ہینڈز مختلف سکیموں کے ذریعے گھریلو اور کمیونٹی کی سطح پر پانی کی فراہمی کا انتظام کررہی ہے اس کے علاوہ شہری سطح پر واٹر فلٹریشن پلانٹس بھی لگائے گئے ہیں۔

تعلیم کے موضوع پر ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر تعلیم کے شعبے میں بھی کافی کام کر رہے ہیں جبکہ حکومت کی جانب سے قومی سطح پر ایک نصاب کی تشکیل شاندار اقدام ہے جس کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔ اس اقدام سے پسے ہوئے طبقے کو آگے آنے کا موقع ملے گا، قوم میں یگانگت اور بھائی چارے میں اضافہ ہوگا اورایک قوم کی تشکیل ہوگی۔

ایک اور سوال کے جواب میں مسلم ہینڈزانٹرنیشنل کے بانی و چیئرمین پیر سید لخت حسنین کا کہنا تھا کہ ان کی تنظیم نے سال 2020 میں تعلیم، پانی، ماحولیات، حصول معاش اورکورونا جیسی وبا سے نمٹنے پر مختلف پروگرامز کی مد میں پاکستان میں ڈیڑھ ارب سے زائد روپے خرچ کیے ہیں۔